حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کا ایک اور دورختم

حکومتی کمیٹی اور اپوزیشن کی رہبر کمیٹی کے درمیان مذاکرات کا ایک اور دور ختم ہوگیا۔ اکرم درانی کہتے ہیں کہ وزیراعظم کے استعفیٰ سمیت دیگر مطالبات پیش کردیئے، کل دوبارہ بات چیت ہوگی۔
اسلام آباد میں مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر وزیر دفاع پرویز خٹک کی قیادت میں حکومتی مذاکراتی کمیٹی اور اکرم درانی کی سربراہی میں رہبر کمیٹی کے مذاکرات تقریباً ڈیڑھ گھنٹہ جاری رہے۔
مذاکرات میں حکومتی کمیٹی کی جانب سے پرویز خٹک، نور الحق قادری، اسد عمر، اسپیکر اسد قیصر اور شفقت محمود جبکہ رہبر رہبر کمیٹی کی طرف سے اکرم درانی، میاں افتخار حسین، نیئر بخاری، فرحت اللہ بابر، اویس نورانی اور دیگر شریک ہوئے۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اکرم درانی کا کہنا تھا کہ حکومتی مذاکراتی ٹیم آئی تھی، ہم نے اپنے مطالبات ان کے سامنے رکھ دیئے، کل دوبارہ اس پر بات چیت ہوگی، آج صرف ایک دوسرے کا مؤقف سنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومتی ٹیم نے الیکشن کمیشن اور نظام میں اصلاحات سے متعلق چند باتیں کی ہیں۔