صدر ٹرمپ کے مواخذے کیلئے پہلی باقاعدہ ووٹنگ کا اعلان

امریکی ایوان نمائندگان میں ڈیموکریٹس پارٹی نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مواخذے کےلیے پہلی باقاعدہ ووٹنگ کا اعلان کیا ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ووٹنگ مواخذے کی کارروائی سے متعلق صدر کے حقوق کا تعین کرے گی۔
اسپیکر نینسی پلوسی نے کہا ہے کہ ایوان نمائندگان میں ووٹنگ جمعرات 31 اکتوبر کو کرائی جائے گی جس میں تعین کیا جائے گا کہ وائٹ ہاؤس تعاون سے انکار کرسکتا ہے کہ نہیں۔
اسپیکر نے اپنے ڈیموکریٹس ساتھی کو لکھے گئے ایک خط میں کہا ہے کہ اس عمل کے بارے میں ’’کسی بھی شبہ کو ختم کرنے‘‘ کےلیے یہ اقدام اٹھایا جارہا ہے کیونکہ وائٹ ہاؤس کی طرف سے گواہوں کو روکنے اور دستاویزات روکنے کی کوشش جاری رکھی ہے۔
امریکی صدر کا کہنا ہے کہ پورے ایوان کے ووٹ نہ دینے پر تحقیقات غیرقانونی ہوجائیں گی جب کہ ان کی پارٹی ’’ری پبلکن‘‘ کے ارکان کہتے ہیں کہ بند کمروں میں ہونے والی تحقیقات میں شفافیت کا فقدان ہے۔
ایوان نمائندگان ان دعوؤں کی تحقیقات میں مصروف ہے کہ آیا صدر ٹرمپ نے اپنے سیاسی مخالفین کے خلاف تحقیقات شروع کروانے کے لیے یوکرین کی حکومت پر دباؤ استعمال کیا یا نہیں۔
واضح رہے کہ وائٹ ہاؤس صدر ٹرمپ کے مواخذے کےلیے دستاویزات دینے سے انکار کرچکا ہے۔ وائٹ ہاؤس کے مطابق ڈیموکریٹس مواخذے کی غیر ضروری کارروائی میں مصروف ہیں۔