سندھ اسمبلی: بلدیاتی آرڈیننس کی تینوں ترامیم منظور، اپوزیشن کا واک آؤٹ
اسٹاف رپورٹ
کراچی : سندھ اسمبلی کا اجلاس ہنگامہ خیز رہا، بلدیاتی آرڈیننس کیخلاف تحریک استحقاق پیش کرنے کی اجازت نہ ملنے پر حزب اختلاف نے شدید احتجاج کیا، نعرے لگائے اور واک آؤٹ کردیا، دوسری جانب اپوزیشن کی غیرموجودگی میں سندھ بلدیاتی آرڈیننس میں کی جانے والی تینوں ترامیم کو ایوان سے کثرت رائے سے منظور کرالیا گیا۔
سندھ اسمبلی کا اجلاس پرسکون انداز میں شروع ہوا، سوال جواب ہوتے رہے، مگر جب مسلم لیگ ن کے رکن اسمبلی عرفان اللہ مروت نے نئے بلدیاتی آرڈیننس کیخلاف تحریک استحقاق پیش کرنا چاہی تو اسپیکر نے منع کردیا، پھر کیا تھا ہنگامہ سا برپا ہوگیا۔
اجازت نہ ملنے پر اپوزیشن رہنما فیصل سبزواری، ڈاکٹر صغیر احمد، امتیاز شیخ بھی اپنے ساتھی کی حمایت میں کھڑے ہوگئے، ان کے دیکھا دیکھی، اپوزیشن ارکان بھی نشستوں سے کھڑے ہوگئے، آرڈیننس کی کاپیاں پھاڑ ڈالیں، اسمبلی مچھلی منڈی کا منظر پیش کرنے لگی اور زبردست نعرے بازی کا سلسلہ شروع ہوگیا۔
پھر بھی تحریک استحقاق پیش کرنے کی اجازت نہ ملی تو اپوزیشن ارکان احتجاج کرتے ہوئے ایوان سے واک آؤٹ کرگئے مگر ان کی غیر موجودگی میں بھی ایوان کی کارروائی چلتی رہی، بلدیاتی آرڈیننس کے ذریعے کی جانے والی ترامیم کی کثرت رائے سے منظوری دے دی گئی، دوسری جانب اپوزیشن جماعتوں نے اسمبلی کے باہر اپنا اجلاس شروع کردیا اور نعرے بازی کا سلسلہ جاری رکھا۔ سماء