کراچی: سبزی منڈی کے قریب دھماکا، 2 افراد جاں بحق، ایس ایچ او سمیت 15 افراد زخمی
اسٹاف رپورٹ
کراچی : حسن اسکوائر کے قریب پرانی سبزی منڈی کے علاقے پشتون چوک پر دھماکے کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور 15 افراد زخمی ہوگئے جبکہ ایس ایچ او ماڑی پور شفیق تنولی کی شہادت سے متعلق متضاد اطلاعات ہیں۔
ایس ایس پی چوہدری اسلم کا کہنا ہے کہ شفیق تنولی خیریت سے ہیں جبکہ ذرائع کے مطابق شفیق تنولی جاں بحق ہوگئے ہیں۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق پرانی سبزی منڈی کے قریب موٹر سائیکل کے ذریعے دھماکے میں ایس ایچ او شفیق تنولی کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں گاڑی میں آگ لگ گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں پولیس اہلکار بھی شامل ہیں جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا، جناح اسپتال ذرائع کے مطابق 15 زخمی لائے گئے جن میں سے کچھ کی حالت تشویشناک ہے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے سے ایک گاڑی میں آگ لگ گئی جبکہ کئی گاڑیوں، دکانوں اور مکانات کو نقصان پہنچا ہے، دھماکے کے بعد پولیس کی بھاری نفری علاقے میں پہنچ گئی۔
ذرائع کے مطابق شفیق تنولی ولی بابر قتل سمیت متعدد اہم نوعیت کے کیسز پر کام کررہے تھے، ان پر کئی بار پہلے بھی حملے کئے گئے جبکہ انہیں نامعلوم ملزمان کی جانب سے دھمکیوں کا بھی سامنا تھا۔ سماء