دہشتگرد حملوں کا مؤثرجواب دیا جائے گا۔ آرمی چیف جنرل راحیل
اسٹاف رپورٹ
راولپنڈی : چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف نے کور ہیڈکوارٹر پشاور کا دورہ کیا، کہتے ہیں دہشتگرد حملے کسی صورت برداشت نہیں،ایسے حملوں کا مؤثر جواب دیا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کو پشاور کور ہیڈکوارٹر میں پاک فوج کے مختلف آپریشنل،تربیتی اور انتظامی امور کے ساتھ ساتھ وزیرستان اور فاٹا کی سیکورٹی صورتحال پر خصوصی بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر خیبرپختونخوا کی عمومی سیکورٹی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ بریفنگ سے خطاب میں جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ امن مذاکرات میں حکومت کی مکمل مدد کریں گے لیکن دہشت گرد حملے کسی صورت برداشت نہیں کئے جائیں گے، جہاں بھی دہشت گرد حملے ہوں گے ان کا مؤثر جواب دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ فوج نے مالاکنڈ اور فاٹا میں معاشی و سماجی بہتری کیلئے متاثر کن کام کیا، دہشت گردی سے متاثرہ علاقوں میں استحکام لانے کیلئے فوج کا کام لائق تحسین ہے۔ ان علاقوں میں ترقیاتی منصوبے بروقت اور اعلٰی معیار کے مطابق مکمل کریں گے۔
انہوں نے شہداء کی یادگار پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ سماء