سندھ حکومت نے امن ایمبولنس کو گرانٹ جاری کردی

گزشتہ روز سروس بند ہوگئی تھی
Oct 18, 2019

سندھ حکومت نے امن ایمبولنس کو 17 کروڑ 97 لاکھ روپے کی گرانٹ جاری کردی جس کی بدولت سروس بحال ہوجائے گی۔

گزشتہ روز امن فاؤنڈیشن نے محکمہ صحت سندھ کی جانب سے فنڈز کی عدم فراہمی کے باعث ایمبولینس سروس بند کردی تھی۔ سماء ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر امن فاؤنڈیشن خاقان سکندر نے عارضی طور پر سروس کی معطلی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ہمارا مقصد سندھ حکومت کو بدنام کرنا نہیں۔ کچھ ماہ سے فنڈز کی عدم فراہمی کے باعث ایمبولینسوں کی تعداد میں کمی کی گئی تاہم آج یہ سروس مکمل طور پر بند کردی گئی ہے۔

انہوں نے کل ہی امید ظاہر کی تھی کہ جلد فنڈز فراہم کردیئے جائیں گے، جس کے بعد سروس دوبارہ شروع ہوجائے گی۔

انہوں نے مزید کہا تھا کہ امن ایمبولینس سروس کا نام اب سندھ میڈیکل اینڈ ریسکیو سروس ہوگا جو سندھ حکومت کے ساتھ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت چلائی جارہی ہے۔

ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰٗ وہاب نے گزشتہ روز کہا تھا کہ فنڈز کی فراہمی کے طریقہ کار میں کچھ ایشوز تھے۔ وزیراعلیٰ سندھ کو سمری بھجوائی دی گئی ہے، امید ہے کہ آج وہ منظور ہوجائے گی جس کے بعد فنڈز فراہم کردیئے جائیں گے۔

جمعہ کو وزیراعلیٰ سندھ نے سمری منظور کرتے ہوئے امن ایمبولنس کو 17 کروڑ 97 لاکھ روپے کی گرانٹ جاری کردی جس کے بعد امن ایمبولنس کی سروس بحال ہوجائے گی۔

HEALTH

Tabool ads will show in this div