سجاول، شاہ عنایت شہید کا عرس آج شروع ہوگا

سیکیورٹی کے سخت انتظامات

مشہور صوفی بزرگ صوفی شاہ عنایت شہید رحمۃ اللہ علیہ کے 311 ویں سالانہ عرس کی تیاریاں مکمل ہوگئی ہیں۔ جھوک شریف میں بھارت سمیت پاکستان بھر سے زائرین کی آمد شروع ہوگئی ہے جبکہ ضلع بھر میں آج عام تعطیل کا اعلان کردیا گیا ہے۔

سجاول کے علاقے جھوک شریف میں صوفی شاہ عنایت شہید کے سالانہ عرس مبارک کی تقریبات کا آج رات سے آغاز ہوگا۔ اس سلسلے میں درگاہ صوفی شاہ عنایت شہید کے گدی نشین صوفی عطاء اللہ ستاری اپنے سیکڑوں مریدوں کے ساتھ درگاہ ہر حاضری دیں گے جس کے بعد قصر قلندر پر پہنچ کر اپنے خاص چبوترے پر بیٹھ کر اپنے سامنے فرش پر بیٹھے ہوئے مریدوں کو زیارت کروائیں گے جس کے بعد اور فجر کے وقت تک جاری رہنے والی محفل سماع میں اپنے مریدوں کو ساتھ بیٹھ کر صوفی راگ میں شرکت کریں گے۔ دستور کے مطابق یہ سلسلہ تین روز تک جاری رہے گا۔

درگاہ کے احاطے میں الگ الگ تین سو زائد ٹولیاں بنائی گئی ہیں جہاں صوفیانہ راگ کی محفلیں ہوں گی۔

دوسری جانب حفاظتی انتظامات بھی انتہائی سخت کردیے گئے ہیں۔ سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کیے گئے ہیں۔ عرس مبارک میں شرکت کے لئے پورے ملک سمیت ہندوستان سے بھی زائرین اور مریدوں کی آمد جاری ہے۔

عرس کے سلسلے میں آج ڈی سی سجاول محمد اسماعیل میمن کی جانب سے ضلع بھر میں عام تعطیل کی گئی ہے۔

Tabool ads will show in this div