ایجوکیشن افسر کے قتل کیخلاف ملاکنڈ میں اساتذہ کا احتجاج

قاتل کی گرفتاری کا مطالبہ

ضلع کوہستان میں ایجوکیشن آفیسر کے قتل کے خلاف مالاکنڈ میں ہزاروں اساتذہ سڑکوں پر نکل آئے اوراحتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے قاتلوں کی گرفتاری اور ایجوکیشن آفیسرز کو سیکیورٹی فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔

مالاکنڈ کے مرکزی شہر بٹ خیلہ میں مختلف سرکاری اسکولوں کے پرنسپلز، ہیڈ ماسٹرزاور سینئر اساتذہ نے کوہستان میں ضلعی ایجوکیشن آفیسر نواب علی کے بیہمانہ قتل کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے پریس کلب تک ریلی نکالی۔ اساتذہ نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈ اٹھارکھے تھے جن پر ایجوکیشن آفیسر قتل کے خلاف نعرے درج تھے۔

مظاہرین نے کہا کہ ایجوکیشن آفیسرز کی زندگی کو خطرات لاحق ہیں تاہم حکومت نے تاحال کسی بهی ضلع ميں محکمه ايجوکيشن کو سيکيورٹی فراهم نہیں کی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ قاتلوں کو فی الفور گرفتار کرکے انہیں نشان عبرت بنایاجائے۔

یہ بھی پڑھیں: کوہستان ميں ڈسٹرکٹ ايجوکيشن افسر قتل

واضح رہے کہ خیبرپختونخوا کے ضلع کوہستان میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نواب علی کو تین روز قبل نامعلوم افراد نے دفتر کے اندر قتل کردیا تھا۔

ضلع کوہستان کے تھانہ پالس پولیس کے مطابق نواب علی کی لاش ہفتے کو ان کے دفتر سے ملی۔ ان کو ایک گولی سینے اور دوسری گردن پر لگی تھی۔ ابتدائی طور پر پولیس نے غلط فہمی کی بنیاد پر واقعہ کو خودکشی کا رنگ دیا مگر تفتیش کے بعد واقعہ کو قتل قرار دیا گیا۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہستان افتخار کے مطابق نواب علی نے خودکشی نہیں کی بلکہ ان کو قتل کیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کے مشیر برائے تعلیم ضیاء اللہ بنگش نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے معاملے کی شفاف انکوائری کی ہدایت کردی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: کالام، کندیا پاس پر آکیسجن کی کمی سے 3 دوست جاں بحق

ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نواب علی کا رہائشی تعلق ضلع شانگلہ سے تھا۔ چند ماہ پہلے ان کا ضلع سوات سے تبادلہ کرکے کوہستان میں تعینات کیا گیا تھا۔

ذرائع کے مطابق ضلع کوہستان میں کچھ دن بعد کلاس فور کی بھرتیاں ہونی تھیں جس کے لئے با اثر شخصیات کی جانب سے نواب علی پر کافی دباؤ تھا۔

کوہستان میں سرکاری اسکولوں کی صورتحال پہلے ہی بہت خراب ہے جبکہ خواتین شرح خواندگی نہ ہونے کے برابرہے۔ علاقہ مکینوں نے خدشہ کا اظہار کیا ہے کہ ای ڈی او کے قتل کے بعد تعلیمی سرگرمیوں کو مزید نقصان پہنچے گا۔

Tabool ads will show in this div