ترک وزیراعظم دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے، وزیراعلیٰ پنجاب نے استقبال کیا
اسٹاف رپورٹ
لاہور : ترک وزيراعظم رجب طیب اردوان 2 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے ہیں، معزز مہمان کو لاہور آمد پر اکيس توپوں کی سلامی دی گئی، وزيراعلیٰ پنجاب نے کابينہ کے ہمراہ خوش آمديد کہا تو آسمان آتش بازی سے جگمگا اٹھا۔
ترک وزير اعظم رجب طيب اردوان ستانوے رکنی وفد کے ہمراہ 2 روزہ دورے پر پاکستان پہنچے ہیں، ان کی آمد کے موقع پر لاہور ايئرپورٹ پر ميلے کا سماں تھا، وزيراعلیٰ پنجاب شہباز شريف نے کابينہ کے ساتھ ترک وزيراعظم کا پرتپاک استقبال کيا۔
معزز مہمان اور ان کی اہليہ کو گلدستے پيش کئے گئے، ترک وزير اعظم کا قافلہ ايئرپورٹ سے روانہ ہوا تو تمام روٹس پر آويزاں خوبصورت بينرز پاک ترک دوستی کی داستاں بيان کررہے تھے۔
ترک وزيراعظم کے دورے کے دوران تجارتی معاہدوں پر دستخط سميت ديگر شعبوں ميں تعاون بڑھانے پر بات ہوگی، پاکستان ترکی کو ٹیکسٹائل کے شعبے ميں ٹيکس کی چھوٹ فراہم کرنے پر آمادہ کرے گا، دونوں ممالک لاہور کراچی موٹر وے کی تعمير کا بھی جائزہ ليں گے۔ سماء