کراچی پولیس کا ٹارگٹ کلر کی گرفتاری کا دعویٰ

ملزم نے 111 افرادکے قتل کااعتراف کرلیا، ایس ایس پی

کراچی پولیس نے 111 افراد کے قاتل کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ ایس ایس پی ایسٹ کا کہنا ہے کہ ملزم کا تعلق ایم کیو ایم لندن سے ہے، جس نے سیاسی جماعتوں کے کارکنوں، مسلح افواج اور پولیس اہلکاروں کے قتل کا اعتراف کرلیا۔

کراچی پولیس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق سولجر بازار سے درجنوں افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا گیا، ٹارگٹ کلر کا تعلق ایم کیو ایم لندن سے ہے، جس کے قبضے سے ہینڈ گرینیڈ اور دیگر اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا۔

پولیس کا دعویٰ ہے کہ ملزم نے دوران تفتیش 111 افراد کے قتل کا اعتراف کرلیا، جن میں 2 فوجی، ایک نیوی کا جوان، 8 پولیس اہلکار، پیپلزپارٹی کے 4، ن لیگ کا 1 اور ایم کیو ایم حقیقی کے 14 کارکنان، مخبری کے شبہے میں 57، بھتہ کی رقم نہ دینے پر 7، لسانی بنیادوں پر 11 اور 5 خواتین کا قتل بھی شامل ہے۔

ایس ایس پی ایسٹ کے مطابق ملزم 12 مئی 2007ء کا مرکزی ملزم ہے، جس نے اپنے دیگر ساتھیوں ندیم ماربل، خالد صدیق، زبیر برگر، نہال اور دیگر کے ساتھ گرومندر چوک پر نجی ٹی وی کے دفتر پر فائرنگ کی اور بعد ازاں نمائش چورنگی پر بھی فائرنگ کی جس میں 3 افراد ہلاک ہوئے۔

پولیس کے مطابق ملزم 1998ء سے 2004ء تک جیل میں تھا، جس کے بعد پیرول پر رہا ہوا، دوسری بار 2014ء میں گرفتار ہوا تاہم ضمانت ملنے کے بعد دوبارہ روپوش ہوگیا تھا، ملزم کو تیسری بار گرفتار کیا گیا ہے، ملزم قتل اور پولیس مقابلوں کے 6 مقدمات میں اشتہاری ہے جبکہ اس کیخلاف ڈسٹرکٹ ایسٹ اور ڈسٹرکٹ ویسٹ میں 111 مقدمات درج ہیں۔

ایس ایس پی ایسٹ کے مطابق ملزم عباسی شہید اسپتال میں سرکاری ملازم ہے، گرفتاری پر آئی جی سندھ، ایڈیشنل آئی جی کراچی اور ڈی آئی جی ایسٹ نے پولیس پارٹی کیلئے نقد انعام اور تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا ہے۔

TARGET KILLER

Tabool ads will show in this div