آزادی مارچ،جے یو آئی نے جگہ کیلئےدرخواست دیدی
جمعیت علمائے اسلام ف کی جانب سے آزادی مارچ کے مقام کیلئے درخواست جمع کرادی گئی ہے۔
جے یو آئی ف کی جانب سے درخواست مولانا عبدالغفور حیدری نے چیف کمشنر اسلام ٓباد کے دفتر میں جمع کرائی۔ درخواست کے مطابق دھرنے کیلئے ڈی چوک کا انتخاب کیا گیا ہے۔
درخواست سینیر ایڈووکیٹ کامران مرتضی کے توسط سے تیار کی گئی ہے۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ 27 اکتوبر کو ڈی چوک میں آزادی مارچ کی اجازت دی جائے۔ آزادی مارچ کے شرکاء کیلئے سیکیورٹی کے ضروری اقدامات کئے جائیں۔
درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ جمیعت علمائے اسلام آزادی مارچ نکالنے کا جمہوری اور آئینی حق رکھتی ہے، امیر جے یو آئی مولانا فضل الرحمان کی زیر قیادت مارچ میں کارکنان کی بڑی تعداد شامل ہوگی۔ ڈی چوک میں آزادی مارچ کے شرکاء کے لیے سیکورٹی کے ضروری اقدامات کئے جائیں۔
واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے جے یو آئی کے آزادی مارچ کی بھرپور مخالفت کی جارہی ہے، جب کہ اپوزیشن جماعتیں پیپلز پارٹی اور ن لیگ آزادی مارچ کی حمایت کر رہی ہیں۔