طالبان سے بات چیت کےبعدزلمےخلیل واپس روانہ
امریکا کے نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمتی عمل زلمے خلیل زاد واپس واشنگٹن روانہ ہوگئے ہیں۔
اسلام آباد میں موجود طالبان رہنماؤں کے ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد طالبان رہنماوں کے ساتھ بات چیت کے بعد ہفتہ کی رات واشنگٹن روانہ ہوئے۔
اس سے قبل زلمے خلیل زاد نے اپنے دورے کے دوران 3 روز میں متعدد بار طالبان رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں، تاہم ان ملاقاتوں کو باضابطہ مذاکرات کا نام نہیں دیا جاسکتا۔ طالبان وفد کی قیادت ملا عبدالغنی برادر نے کی۔ ملاقات سے متعلق فی الحال کوئی تفصیل جاری نہیں کی گئی ہے، تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ ان 3 روزہ ملاقاتوں میں دونوں فریقین کی جانب سے اعتماد کی فضا قائم کرنے کیلئے کچھ شرائط پر اتفاق کرلیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستانی دارالحکومت اسلام آباد میں ہونے والی اہم ملاقاتوں میں امن مذاکرات دوبارہ سے شروع کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ جب کہ طالبان ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں ہونے والی ان ملاقاتوں میں سب سے اہم پیش رفت قیدیوں کے تبادلوں پر اتفاق کرنا ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ طالبان کی جانب سے اغوا کیے گئے 2 پروفیسروں کو رہا کرنے کا امکان ہے، جب کہ امریکا کی جانب سے بھی بدلے میں پکڑے گئے تقریباً11 طالبان قیدیوں کو رہا کرنے کا امکان ہے، قومی امکان ہے کہ امریکا پکڑے گئے انس حقانی کو بھی رہا کرے۔
طالبان ذرائع کے مطابق دونوں فریقین کے مابین بات چیت کی فضا دوبارہ قائم کرنے میں پاکستان نے اہم کردار ادا کیا ہے۔