کراچی سمیت سندھ بھر میں غیر قانونی چنگچی رکشوں پر پابندی

ویب ایڈیٹڑ:

کراچی: سندھ ہائی کورٹ نے چنگچی رکشہ ایسو سی ایشن کی درخواست مسترد کرتے ہوئے غیر قانونی چنگچی رکشوں پر پابندی لگا دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق عدالت نے فٹنس سرٹیفکیٹ، رجسٹریشن اور روٹ پرمٹ کے بغیر چلنے والے چنگچی رکشوں کے خلاف کارروائی کرنے اوران چنگچی رکشوں کو ضبط کرنے کا حکم دیا ہے۔

جسٹس عقیل احمد عباسی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے سماعت کی جس میں عدالت نے کراچی سمیت سندھ بھر میں غیر قانونی رکشوں پر پابندی عائد کردی۔

عدالتی حکم کے مطابق ایسے چنگچی رکشے موٹر وہیکل قوانین کے خلاف ہیں لہذا غیرقانونی چنگچی رکشوں کے خلاف جرمانہ عائد کیا جائے اور چالان بھی کاٹے جائیں۔

عدالت نے حقائق چھپانے پر رکشہ ایسو سی ایشن پر 10 ہزارروپے جرمانہ بھی عائد کیا اور ایسو سی ایشن کوجرمانے کی رقم ہائیکورٹ کلینک فنڈ میں جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔

عدالت نے کہا کہ حکومت سندھ، آئی جی سندھ اور ڈی آئی جی ٹریفک رکشوں کے خلاف کارروائی یقینی بنائیں، کارروائی کے لئے رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مدد لی جائے اور روٹ پرمٹ ، رجسٹریشن اور فٹنس سرٹیفکیٹ کے حصول تک کارروائی جاری رکھی جائے۔

عدالت نے مزید کہا کہ چنگچی رکشوں کے خلاف کارروائی کی رپورٹ 2 ہفتوں میں جمع کرائی جائے، حکام غیر قانونی چنگچی رکشوں کے خلاف مستقل کارروائی جاری رکھیں اور ہر ماہ کارروائی سے متعلق ماہانہ رپورٹ عدالت میں جمع کرائی جائے۔ فیصلہ کا اطلاق کراچی سمیت سندھ بھر میں ہوگا۔ سماء

SINDH HIGH COURT

dig traffic

IG sindh

election violence

court orders

Tabool ads will show in this div