فیصل آباد میں 7 سالہ بچہ قتل، ملزم گرفتار
فیصل آباد میں 7 سالہ بچے کے قتل کے الزام میں ایک شخص کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا، مبینہ طور پر بچے کو بدفعلی کے بعد تیز دھار آلے سے قتل کیا گیا۔
پولیس کے مطابق فیصل آباد کے علاقے ترکھانی میں گزشتہ شب بچہ گھر سے چیز لینے نکلا تو ملزم نے اسے اغواء کرلیا، محلے دار بچے کو کھیتوں میں لے گیا اور مبینہ طور پر بدفعلی کا نشانہ بنانے کے بعد پکڑے جانے کے خوف سے اسے مار ڈالا۔
بچے کے چچا کا دعویٰ ہے کہ ملزم قاسم بچے کو موٹر سائیکل پر بٹھا کر لے گیا تھا، ہمیں نہیں معلوم کہاں لے کر گیا اور بچے کو زیادتی کے بعد بے دردی سے قتل کردیا۔
رپورٹ کے مطابق بچے کی گمشدگی کے دوران ملزم خود بھی متاثرہ خاندان کے ساتھ مل کر بچے کو تلاش کرتا رہا، پولیس نے تفتیش کی تو ملزم گرفت میں آگیا۔
مقامی تھانے کے ایس ایچ او ظفر شاہ کا کہنا ہے کہ شواہد اکٹھے کرلئے ہیں جو ٹیسٹ کیلئے فارنزک لیبارٹری بھجوائے جائیں گے، رپورٹ آنے کے بعد مزید کارروائی کی جائے گی۔
قتل کئے گئے کم سن بچے کی نماز جنازہ ادا کردی گئی، تھانہ ترکھانی کے علاقے میں 2 ہفتوں کے دوران بچوں سے زیادتی کے 6 مقدمات درج ہوچکے ہیں۔