افغان طالبان کا وفد آج اسلام آباد پہنچے گا
ملا برادر، سہیل شاہین اور دیگر اہم رہنماؤں پر مشتمل افغان طالبان کا وفد پاکستان کا دورہ کر رہا ہے۔ وفد آج رات اسلام آباد پہنچے گا۔
افغان طالبان کے ترجمان سہیل شاہین نے سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ طالبان رہنماؤں کا وفد ملا عبدالغنی برادر اخوند کی سربراہی میں پاکستان پہنچے گا۔
سہیل شاہین نے کہا کہ افغان طالبان کو پاکستانی حکام سے ملاقات کے لیے دعوت دی گئی ہے، جہاں وہ پاکستان کی اعلیٰ قیادت سے ملاقات اور بات چیت کریں گے۔
د ا.ا.ا. د سیاسي مرستیال محترم ملا برادر اخند په مشري یو لوړ پوړی پلاوی سبا د اکتوبر په ۲مه په رسمي بلنه اسلام اباد ته سفر کوي.هلته به دیاد هیواد له چارواکو سره په یولړ مهمو موضوعاتو خبري وکړي.دا له روسیې،چین او ایران وروسته څلورم رسمي سفر دی چي دسیمي هیوادو نو ته تر سره کیږي.
— Suhail Shaheen (@suhailshaheen1) October 1, 2019
ترجمان سہیل شاہین کا کہنا تھا کہ ہماری طرف سے معاہدہ مکمل ہے، صرف دستخط کی تاخیر ہے۔ ہمارے معاہدے کی تفصیلات ہماری طرف سے طے ہیں۔ وزیراعظم اور امریکا کے نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زادہ سے ملاقات پر پوچھے گئے سوال کے جواب میں ترجمان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان سے بھی ملاقات کا امکان ہے۔ دورے کی تاریخیں پہلے سے طے تھیں۔ جب کہ زلمے خلیل زاد سے بھی ملاقات کے امکان کو رد نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری جانب سے کوئی تاخیر نہیں، معاہدہ تیار ہے، صرف دستخط ہونے باقی ہیں۔
پاکستان آمد پر حکام سے ملاقاتوں پر انہوں نے کہا کہ وزارت خارجہ کے حکام سے ملاقاتیں ہونگی۔ واضح رہے کہ امریکا سے مذاکرات ختم ہونے کے بعد سے افغان طالبان حکام کا یہ پہلا دورہ پاکستان ہوگا، اس سے قبل وفد روس، چین اور ایران کا دورہ بھی کرچکے ہیں۔ امریکا کے نمائندہ خصوصی برائے پاکستان و افغانستان زلمے خلیل زاد بھی پانچ رکنی وفد کے ساتھ پاکستان میں موجود ہیں۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ افغانستان میں تعینات نیٹو سربراہ نے بھی پیر کے روز پاکستان کا دورہ کیا۔