سجاول، فرار کی کوشش میں ملزم پولیس فائرنگ سے ہلاک

سندھ کے علاقہ سجاول میں پولیس نے عدالت کے احاطے سے فرار ہونے والے ملزم کو سر میں گولی مار کر ہلاک کردیا۔
پولیس کے مطابق سجاول کی عدالت میں چوری کے مقدمے میں نامزد ملزم عبداللہ کو سماعت کیلئے لایا گیا تو وہ ہتھکڑی سمیت عدالت سے فرار ہوگیا۔ پولیس نے پیچھا کرکے سجاول بائی پاس کے مقام پر ملزم کو گولی مار دی۔
مقتول کے بھائی علی محمد نے کہا ہے کہ اس کی ضمانت کے کاغذات تیار کرالیے تھے۔ پولیس والوں نے مخالفین سے پیسے لے کر بھائی کو قتل کیا ہے۔
ملزم کے وکیل عبدالقادر خاصخیلی کا کہنا ہے کہ پولیس نے خود ملزم کو فرار کروایا اور پھر اسے گولی مار کر ہلاک کردیا کیوں کہ بھاگنے والے ملزم کو ٹانگ میں گولی مار کر پکڑنا چاہیے تھا مگر پولیس نے سر میں گولی مار دی۔
ملزم عبداللہ پر چوہڑ جمالی پولیس اسٹیشن میں چوری کے تین اور ایک غیر قانونی اسلحہ رکھنے کا مقدمہ درج تھا۔