میر پورآزاد کشمیر میں دوبارہ زلزلہ،50 سے زائد زخمی

میرپور آزاد کشمیر ، جاتلاں اور سموال شریف میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔زلزلے کے باعث 50 سے زائد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 4 اعشاریہ 4 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کے بعد لوگ مکانات اور عمارتوں سے باہر نکل آئے۔ جھکٹوں کے بعد لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ سموال شریف میں موجود میڈیکل کیمپ میں موجود لوگ زلزلے کے بعد باہر نکل آئے۔ میرپورآزاد کشمیر میں زلزلے سے 50 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔ زخمیوں میں سے زیادہ تر تعداد خواتین کی ہے۔ زلزلے کے باعث کئی مکانات اور دیواریں گرنے کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔
جمعرات کو آنے والا زلزلہ جہلم سے 6 کلومیٹر آگے بتایا جارہا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ موجودہ زلزلے کی فالٹ لائن وہی ہے جو 3 روز پہلے تھی۔ جہلم کی ضلعی انتظامیہ نے ممکنہ آفٹر شاکس کی وجہ سے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے۔
میرپور کیلئے ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی امداد
واضح رہے کہ 3روز قبل آزاد کشمیر اور جہلم میں آنے والے زلزلے سے مرنے والوں کی تعداد 38 ہوگئی ہے، درجنوں افراد تاحال اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ زلزلے سے جہلم سمیت جاتلاں ،میرپور اور نزدیکی علاقوں میں عمارتوں،مکانات اور سڑکوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔