پاکستان نے بھارتی آرمی چیف کے بیان کو مسترد کردیا
ترجمان دفتر خارجہ نے بھارتی آرمی چیف کی جانب سے عائد بے بنیاد الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی آرمی چیف کا بے بنیاد بیان خطے کی سلامتی کیلئے خطرہ ہے۔
منگل 24 ستمبر کو دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارتی آرمی چیف کے بے بنیاد بیان کو سختی سے مسترد کرتے ہیں۔ بالاکوٹ میں دہشت گردی کے کیمپ کو دوبارہ فعال کرنے کا الزام بے بنیاد ہے۔ بھارت ایسے الزامات عائد کرکے عالمی برداری کو گمراہ نہیں کرسکتا ہے۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ جموں کشمیر میں ریاستی دہشت گردی کو نہیں چھپا سکے گا، بھارتی فورسز کی جانب سے سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزیوں سے 2019 میں 26 بے گناہ شہری شہید اور 124 زخمی ہوئے ہیں۔ بھارت کے بیانات اور اقدامات علاقائی امن اور استحکام کے لیے خطرہ ہیں۔
بالاکوٹ میں بھارتی بم باری سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا
ترجمان نے امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بین الاقوامی برادری ہندوستان پر ایسے اقدامات سے باز رہنے کے لیے زور دے گی۔
بھارتی ایئر چیف نے پھر پاکستان کو دھمکیاں دیدیں
دوسری جانب جینیوا میں ہونے والی انسانی حقوق سے متعلق کانفرنس پر بھی بھارتی پراپیگنڈے کا جواب دیتے ہوئے ترجمان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر جاری مہم جنیوا میں پاکستان کی کامیاب سفارت کاری کو سبوتاژ کرنے کی کوشش ہے، پاکستان نے پوری کامیابی کیساتھ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی بربریت اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو اجاگر کیا۔ ہماری کوششوں سے عالمی سطح پر کئی ممالک، بین الاقوامی غیر سرکاری تنظیموں، اقوام متحدہ نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی تشویشناک صورت حال پر بیان جاری کئے۔
بالاکوٹ میں کیا ہوا تھا،اصل حقیقت سامنے آگئی
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی غاصبانہ اقدامات نے قانون، انسانی حقوق اور اقدار کی تمام حدیں پھلانگ لی ہیں، پاکستان، کشمیریوں کی مشکلات میں کمی کیلئے ہر ممکن انداز میں اپنی کاوشیں جاری رکھے گا۔