سابق ڈی جی آئی ایس آئی جنرل (ر)حمید گل سپرد خاک
ویب ایڈیٹر:
راول پنڈی : آئی ایس آئی کے سابق سربراہ جنرل ریٹائرڈ حمید گل کی نماز جنازہ ریس کورس گراؤنڈ راول پنڈی میں ادا کردی گئی۔
سابق ڈی جی آئی ایس آئی حمید گل کی نماز جنازہ میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف سمیت اعلیٰ فوجی افسران، مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔
سربراہ جے یو آئی (س) سمیع الحق، جماعت الدعوہ کے سربراہ حافظ سعید، وفاقی وزیر عبدالقادر بلوچ اور آزاد کشمیر کے صدر سردار یعقوب بھی نمازجنازہ میں شریک ہوئے۔ نمازجنازہ کے بعد حمید گل کی تدفین ریس کورس گراؤنڈ راول پنڈی کے قبرستان میں کردی گئی۔
واضع رہے کہ جنرل (ر) حمید گل اہل خانہ کے ہمراہ مری میں گئے تھے ، جہاں بلڈ پریشر کم ہونے کے باعث انہیں برہین ہیمرج ہوا، انہیں تشویشناک حالت میں مری کے سی ایم ایچ داخل کرایا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکے۔
جنرل (ر) حمید گل انیس سو چھپن میں پاک فوج کا حصہ بنے اور انیس سو بانوے میں آئی ایس آئی کے سربراہ کے طور پر ریٹائرڈ ہوئے۔ انہوں نے پینسٹھ اور اکہتر کی جنگ میں بھی حصہ لیا۔ طالبان کی پیش قدمی اور افغان جنگ میں ان کا کردار انتہائی اہم سمجھا جاتا رہا ہے۔ پاکستانی سیاست میں بھی وہ سرگرم رہے۔ آئی جی آئی کی تشکیل میں موثر کردار ادا کیا۔ ریٹائرمنٹ کے بعد بھی وہ سیاسی اور سماجی فورمز پر متحرک رہے. سماء