راولپنڈی، 24 گھنٹے میں مزید 121 افرادمیں ڈینگی کی تشخیص

رواں سال متاثرہ مریضوں کی تعداد 3110 تک جاپہنچی

راولپنڈی ميں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 121 افراد میں ڈینگی بخار کی تصدیق ہوگئی، رواں سال متاثرہ مریضوں کی تعداد 3 ہزار سے تجاوز کر گئی۔

ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کی ناقص کارکردگی کے باعث راولپنڈی شہر ڈینگی کا گڑھ بن گیا، 24 گھنٹوں کے دوران مزید 121 افراد ڈینگی وائرس کا شکار ہوگئے۔

شہریوں نے مرض کے پھیلنے کی وجہ انتظامیہ کی نااہلی کو قرار دیا ہے، کہتے ہیں کہ مارچ میں اسپرے کیا جاتا تھا جو نہیں ہوا، ہر گھر میں ڈینگی کا مریض ہے، اسپتالوں میں سہولیات نہیں۔

ڈی سی راولپنڈی محمد علی رندھاوا نے ڈینگی کے پھیلاؤ میں انتظامیہ کی غفلت تو تسلیم کرلی تاہم کہتے ہیں کہ ان کی توجہ اب ڈینگی کے سدباب پر ہے، پوری تیاری کرلی، دوسرے اضلاع سے بھی ڈاکٹرز لانا پڑے تو لائیں گے۔

رواں سال راولپنڈی کے تینوں اسپتالوں میں مجموعی طور پر 3110 مریضوں میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی، ہر آنے والے دن کے ساتھ اس میں خطرناک حد تک اضافہ ہوتا جارہا ہے۔

دوسری جانب محکمہ صحت پنجاب نے صوبے کے تمام سرکاری اسپتالوں میں ڈینگی ٹیسٹ کی فیس ختم کردی۔ سیکریٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ نے نوٹيفکيشن جاری کردیا، جس کے مطابق ڈسٹرکٹ اور تحصیل اسپتالوں میں ڈینگی ٹیسٹ کی کوئی فیس نہیں لی جائے گی، ٹیسٹ کی فیس 200 مقرر تھی۔

Dangue

Tabool ads will show in this div