فیس بک لائیو اسٹریمنگ سے متعلق اہم فیصلہ
سوشل ایپ فیس بک نے دہشتگردی کے واقعات کو براہ راست دکھانے کی روک تھام کیلئے اہم قدم اٹھا لیا۔
فیس بک اب لندن پولیس کے اشتراک سے دہشت گردی کے واقعات کی لائیو اسٹریمنگ کو کنٹرول کرے گی۔ یہ فیصلہ مارچ 2019 میں کرائسٹ چرچ نیوزی لینڈ کی مساجد میں دہشت گردی کے واقعہ کی فیس بک پرلائيو اسٹريمنگ کے بعد کیا گیا تھا۔
فیس بک انتظامیہ تب سے لائیو فیچر کا استعمال محدود کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
اب فیس بک اور لندن پولیس کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ دونوں مل کر فیس بک کے سافٹ ویئر کو دہشتگردی سے متعلقہ تصاویر یا ویڈیوز کی جلد نشاندہی کرنے کے قابل بنائیں گے، تاکہ ویب سائٹ پر نشر ہونے سے پہلے ہی ایسے مواد کی روک تھام ہو سکے۔
فیس بک انتظامیہ امریکی اور برطانوی سیکیورٹی اداروں سے حاصل کردہ ویڈیوز کونظام کا حصہ بنائے گی، جن کی بنیاد پر دہشتگردی کے واقعے کی ویڈیو یا تصاویر کی بروقت نشاندہی کرکے اسے براہ راست نشر ہونے سے روکا جا سکے گا۔