کپتان کا الیکشن کمیشن ممبران،چیئرمین نادراسےمستعفیٰ ہونیکامطالبہ
ویب ایڈیٹر:
اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے ایک بار پھر مطالبہ کیا ہے کہ الیکشن کمیشن کے چاروں ارکان اور چیئرمین نادرا فوری طور پر استعفیٰ دیں۔ کپتان کا مزید کہنا تھا کہ جرنیلوں پر دھرنے کرانے کا الزام فوج کو بدنام کرنے کی کوشش ہے، بے چارے جنرل شجاع پاشا کو بدنام کیا جارہا ہے، وزراء فوج پر الزامات لگاتے ہیں اور نواز شریف معصوم شکل بنالیتے ہیں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفت گو میں عمران خان کا کہنا تھا کہ این اے 122 کے فیصلے بعد الیکشن کمیشن کے صوبائی ارکان اور چیئرمین نادرا مستعفیٰ ہوجائیں، انتخابی بے ضابطگیاں مجرمانہ فعل ہیں، ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے، فوج کو بدنام کرنا (ن) لیگ کا پرانا وطیرہ ہے، دھرنے میں کسی سابق جرنیل نے مدد نہیں کی۔
ایڈوائزری کونسل کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس خوب گرجتے برستے کپتان کا کہنا تھا کہ این اے 122 کے فیصلے میں ہمارے مؤقف کی تائید ہوگئی، تیسری وکٹ بھی جلد گرنے والی ہے۔ حکومت اتنی ہی دلیر ہے تو سپریم کورٹ کے پیچھے چھپنے کے بجائے چوتھا حلقہ کھولے۔
عمران خان نے کہا کہ فوج کو بدنام کرنا ن لیگ کا پرانا کام ہے، دھرنے میں کسی سابق جرنیل نے مدد نہیں کی، انصاف کیلئے سڑکوں پر نکلنا ہی پڑتا ہے، تحریک انصاف کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ ایاز صادق سے کوئی اختلاف نہیں، نظام ٹھیک کرنا چاہتے ہیں۔ دو سال تک ایسا شخص ایوان چلاتا رہا جس کی اپنی نشست ہی مشکوک تھی۔ سماء