خوف کی فضاء قائم کرکے حکومت چلائی جارہی ہے، کائرہ

قمر زمان کائرہ کہتے ہیں کہ خوف کی فضاء قائم کرکے حکومت چلائی جارہی ہے، وزیر قانون نے وفاق سے کراچی کا کنٹرول سنبھالنے کا مطالبہ کیا، انہیں ماضی سے سبق سیکھنا چاہئے۔
پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایسی سنسر شپ لگی ہوئی ہے جو مارشل لاء دور میں بھی نہیں تھی، خوف کی فضاء قائم کرکے حکومت چلائی جارہی ہے، جب سے یہ حکومت آئی ہے آئینی بحران پیدا ہوچکا ہے، انہوں نے بہت سے ایسے اقدامات کئے جس پر یوٹرن لیا گیا۔
ان کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کی تنقید پر کہا جاتا تھا کہ یہ لوگ این آر او چاہتے ہیں، آج چیف جسٹس جو کہہ رہے ہیں اس پر توجہ دینی ہوگی۔
قمر زمان کائرہ نے مزید کہا کہ سندھ میں فارورڈ بلاک کا تاثر دیا جارہا ہے، ہم کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، وزیر قانون نے کہا وفاق کو کراچی کا کنٹرول سنبھال لینا چاہئے، انہیں ماضی سے سبق سیکھنا ہوگا۔