حکومت کسی کیخلاف انتقامی کارروائی نہیں کررہی،پرویزرشید
ویب ایڈیٹر :
لاہور : وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن الیکشن ٹریبونلز کے فیصلوں کے بعد عدالتوں میں نہیں بلکہ عوام میں جائے گی، حکومت کسی کیخلاف انتقامی کارروائی نہیں کررہی، ان کا کہنا تھا کہ شیخ رشید انتخابات میں حصہ لیں تو اُن کا زر ضمانت بھی ضبط ہو جائے گا، جب کہ جہانگیر ترین کا تو جہاز بھی بک جائے گا۔
لاہور میں میڈیا سے گفت گو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید کا کہنا تھا کہ خورشید شاہ کا حق ہے کہ وہ خود کو لاحق خدشات کو سامنے لائیں، قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کا احترام کرتے ہیں، پی ٹی آئی آج الیکشن کمیشن کے اراکین پر عدم اعتماد کا اظہار کر رہی ہے، اِنہی کے زیر انتظام اُنہوں نے کے پی کے میں بلدیاتی انتخابات کرائے اور ضمنی انتخابات میں حصہ لیا، امید ہے تحریک انصاف دوبارہ دھرنے کی غلطی نہیں کرے گی،ورنہ عمران خان کے دھرنے کا انجام بھی ماضی کی طرح ہوگا، کیونکہ ابھی تو انہوں نے پہلے بل کلئیر نہیں کروائے، دھرنوں کی وجہ سے تحریک انصاف کے ووٹرز کم ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کے پاس الیکشن کمیشن ارکان کو تبدیل کرنیکا اختیار نہیں، عمران خان کو الیکشن کمیشن ارکان پر کیا اعتراض ہے؟ عمران خان کو آئینی راستہ اختیار کرنا چاہیے، نئے دھرنے کا بل کون بھرے گا، دھونس اور دھمکی کی تبدیلی کا کوئی فائدہ نہیں۔
ایک سوال پر اُنہوں نے کہا کہ اسکاٹ لینڈ یارڈ کو بعض زیر حراست افراد تک رسائی دی گئی ہے، اُنہوں نے پی ٹی آئی کو دھرنوں سے اجتناب برتنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر شیخ رشید انتخابات میں حصہ لینا چاہیں تو اُن کا زرضمانت میں جمع کراوں گا، شیخ رشید آپ انتہائی کنجوس ہیں آپ کی ضمانت ضبط ہو جائے گی تو آپ کی ضمانت کے پیسے بھی میں دینے کو تیار ہوں، اُن کا کہنا تھا کہ بھارتی جارحیت پر حکومت کو شدید تشویش ہے جس پر مناسب ردعمل کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
وزیراطلاعات پرویز رشید نے جہانگیر ترین کے چیلنج کے مقابلے کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ جہانگیر ترین صاحب میں تو سائیکل والا ہوں اور آپ جہاز والے ہیں اگر میں سامنے آگیا تو آپ کا جہاز بک جائے گا۔ سماء