جج ویڈیو کیس،ملزمان سائبر کرائم کی حد تک کلیئر قرار

رپورٹ شائستہ کنڈی کی عدالت میں جمع

جج ویڈیو کیس میں اہم ملزمان کو سائبر کرائم کی حد تک کلیئر کردیا گیا۔

جج ویڈیو کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ ایف آئی اے نے ناصر جنجوعہ،خرم یوسف اور غلام جیلانی کو سائبر کرائم کی حد تک کلیئر کردیا ہے۔ ایف آئی اے کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ تفتیش کے مطابق گرفتار تینوں ملزمان کیخلاف شواہد نہیں ملے، عدالت چاہے تو گرفتار تینوں ملزمان کو رہا کردے۔ایف آئی اے نے رپورٹ شائستہ کنڈی کی عدالت میں جمع کرا دی۔

واضح رہے کہ 5 روز قبل سائبر کرائم کورٹ نے جج ارشد ملک سے متعلق ویڈیو کیس کے اہم ملزم ناصر جنجوعہ سميت تين ملزمان کی عبوری ضمانتیں خارج کردی تھیں جس کے بعد ايف آئی اے نے تينوں کو گرفتار کرلیا تھا۔

اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیگل کلیم اللہ تارڑ نے بتايا تھا کہ تمام ملزمان کا کیس ميں اہم کردار ہے اوران کے خلاف ٹھوس شواہد موجود ہیں۔ وکيل صفائی نے اپنے دلائل میں کہا تھا کہ معاملے میں تینوں کا براہ راست کوئی ہاتھ نہیں اور نہ ہی ان لوگوں نے ویڈیو بنائی ہے۔

ایف آئی اے کی جانب سے عبوری ضمانتوں میں توسیع نہ کرنے کی استدعا کرتے ہوئے مؤقف اپنایا گیا تھا کہ ملزمان کو گرفتار کرکے مزید تفتیش کرنی ہے۔

پس منظر

یاد رہے کہ ہفتہ 6 جولائی کو مریم نواز نے صدر ن لیگ شہباز شریف کے ہمراہ کی جانے والی ایک پریس کانفرنس کے دوران العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف کو سزا سنانے والے احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کی مبینہ ویڈیو میڈیا کے سامنے پیش کی تھی۔

بعد ازاں اسلام آباد ہائیکورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس عامر فاروق نے احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کو فوری طور پر عہدے سے ہٹانے کیلئے وزارت قانون و انصاف کو خط لکھا جس میں سفارش کی گئی تھی کہ ن لیگ کی جانب سے عائد کیے جانے والے الزامات کی مکمل تحقیقات تک ارشد ملک سے ذمہ داریاں فوری واپس لینے کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے۔

اس سے قبل جج ارشد ملک نے ن لیگ کی جانب سے اپنے خلاف مبینہ ویڈیو سامنے آنے کے بعد خود پرعائد الزامات کی تردید کی تھی۔

ارشد ملک نے بزنس مین ناصر جنجوعہ پر رشوت کی پیشکش، بلیک میلنگ اور دھمکیوں کا الزام عائد کیا تھا۔

اپنے بيان حلفی ميں ناصر جنجوعہ کا ذکر کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ناصر جنجوعہ نے مجھے رشوت کی پيشکش کی۔ نواز شریف کے کیسز کی سماعت کے دوران دو لیگی نمائندوں نے مجھ سے رابطے کیے اور کہا کہ نواز شریف منہ مانگی رقم دینے کو تیار ہیں۔ ناصر جنجوجہ اور مہر جیلانی نے سابق وزیراعظم کی بریت کیلئے دھمکیاں دیں جبکہ ناصر جنجوعہ نے نواز شریف کو بری کرنے کے بدلے 20 ملین یورو کی پیشکش کی۔

تبولا

Tabool ads will show in this div

تبولا

Tabool ads will show in this div