اداکار عابد علی کی نماز جنازہ ادا کردی گئی

شو بز کے ساتھی بھی بڑی تعداد میں شریک ہوئے

پاکستان کے لیجنڈری اداکارعابد علی کو سپرد خاک کردیا گیا۔ نماز جنازہ ميں عام افراد سمیت شوبز سے تعلق رکھنے والے ساتھیوں کی بھی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

عابد علی دو روز قبل جگر کے مرض کے باعث نجی اسپتال میں انتقال کرگئے تھے۔ 67 سالہ اداکار 2 ماہ سے زیر علاج تھے۔ ان کی نماز جنازہ کراچی کے بحریہ ٹاؤن کی مسجد عاشق ميں نماز جمعہ کے بعد ادا کی گئی۔

عابد علی کی صاحبزاديوں مریم، ايمان علی اور رحمہ علی سمیت ديگرخواتين نے مرحوم کا آخری ديدار کيا۔

نماز جنازہ میں اداکار عدنان صدیقی، دانش نواز، فیصل قریشی، عمیر لغاری، عجب گل، تنویرجمال، احمد شاہ، قوی خان، سہیل اصغر، ساحر لودھی سمیت متععد دیگرشخصیات شریک ہوئیں۔

عابد علی نے ريڈيو پاکستان پر صداکاری ، ٹيلی ويژن پر ڈراموں ميں کردار نگاری سے لے کر فلم تک يادگار کردار ادا کيے۔

ريڈيو پاکستان پر صداکاري سے کيريئر کا آغاز کرنے والے عابد علی کی پہلی ڈراما سيريل جھوک سيال تھی۔ حمیرا چوہدری نے ان کے مقابل ہیروئن کا کردار ادا کیا تھا اور بعد ازاں دونوں نے شادی کرلی تھی۔ عابد علی کی دوسری اہلیہ رابعہ نورین کا تعلق بھی شوبزسے ہی ہے۔

جھوک سیال کے بعد پاکستان ٹیلی ویژن کے معروف ترین ڈرامے ’’ وارث ‘‘ میں دلاور کے لازوال کردار نے انہیں شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا۔ يہ ڈراما آج بھی پی ٹی وی کلاسک ميں شمار ہوتا ہے۔۔

لیجنڈری اداکار نے سمندر، سورج کے ساتھ ساتھ، دشت، دوسرا آسمان، دورياں ، پياس ، خواہش ، مہندی، پياس اور تجديد وفا سميت متعدد ڈراموں اور 200 سے زائد فلموں ميں بھی کام کيا۔

اس کے علاوہ انہوں نے متعدد ڈراموں کی ڈائریکشن دی اور پروڈیوس بھی کیے۔ عابد علی کا ذاتی پروڈکشن ہاؤس بھی تھا۔

مارچ 1952 میں کوئٹہ ميں پيدا ہونے والے عابد علی کو 1985 ميں ان کی فنی خدمات کے اعتراف ميں حکومتِ پاکستان کی جانب سے صدارتی ايوارڈ برائے حسن کارکردگی سے نوازا گيا ۔

FUNERAL

ABID ALI

تبولا

Tabool ads will show in this div

تبولا

Tabool ads will show in this div