سابق ٹیسٹ کرکٹر عبدالقادر انتقال کر گئے
سابق ٹیسٹ کرکٹر اور سابق چیف سلیکٹر عبدالقادر دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے، ان کی عمر 64 برس تھی۔
وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر سابق ٹیسٹ کرکٹر عبدالقادر کے انتقال کی اطلاع دی۔ ان کا کہنا ہے کہ عظیم کرکٹر اور ہمارے بزرگ عبدالقادر اس دنیا میں نہیں رہے۔
لاہور میں مقیم عبدالقادر کو دل کا دورہ پڑنے پر اسپتال لے جایا جارہا تھا کہ وہ راستے میں ہی دم توڑ گئے۔
Our legend star our Elder Mr Abdul Qadir is no more with us quite shocking news for all of us.May Allah make his last journey easy & Give him best place in Jannah Ameen
— Kamran Akmal (@KamiAkmal23) September 6, 2019
عبدالقادر 15 ستمبر 1955ء کو لاہور میں پیدا ہوئے، انہوں نے 1977ء میں انگلینڈ کیخلاف ٹیسٹ ڈیبیو کیا، معروف اسپنر نے مجموعی طور پر 67 ٹیسٹ میچز میں 236 وکٹیں حاصل کیں جبکہ 104 ایک روزہ مقابلوں میں 132 وکٹیں لی تھیں۔
ٹیسٹ کرکٹر نے سوگواران میں 4 بیٹے اور ایک بیٹی چھوڑے ہیں، ان کے بیٹے عثمان قادر آسٹریلیا میں ڈومیسٹک کرکٹ کھیل رہے ہیں جبکہ عبدالقادر کے داماد عمر اکمل بھی قومی کرکٹ ٹیم کا حصہ رہے ہیں۔
عبدالقادر نے 1983ء اور 1987ء کے ورلڈ کپ میں پاکستان کی نمائندگی کی، انہوں نے 5 ایک روزہ مقابلوں میں قومی کرکٹ ٹیم کی قیادت بھی کی۔
وزیراعظم عمران خان نے قومی ٹیم کے پرانے ساتھی کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ایک عظیم کرکٹر سے محروم ہوگیا جس نے دنیا میں ملک کا نام روشن کیا، عبدالقادر کی وفات نے ایک دوست سے محروم کردیا۔
سابق کوچ اور عظیم کھلاڑی جاوید میانداد نے بھی عبدالقادر کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اسے بڑا صدمہ قرار دیا ہے۔