پاکستان ہمسایہ ممالک کے ساتھ دوستانہ اور پرامن تعلقات چاہتا ہے۔ وزیراعظم نوازشریف
اسٹاف رپورٹ
اسلام آباد : وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان ہمسایہ ممالک کے ساتھ دوستانہ اور پرامن تعلقات چاہتا ہے۔ پاکستانی سفارت خانے اقتصادی سفارت کاری پر توجہ دیں۔
دفتر خارجہ میں نئے بلاک کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ علاقائی اور عالمی تعاون میں دفتر خارجہ کا اہم کردار ہے۔ روایتی سفارت کاری میں جدت لانے کی ضرورت ہے۔
بیرون ملک سفارت خانے اقتصادی سفارت کاری کے فروغ کیلئے کام کریں۔ خارجہ پالیسی میں بھی امداد کی بجائے تجارت پر زور دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمسایہ ملکوں کے ساتھ دوستانہ اور پُرامن تعلقات چاہتا ہے۔ پاکستان میں عدلیہ اور میڈیا آزاد اور سول سوسائٹی متحرک ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کی ترجیحات میں دہشت گردی کا خاتمہ، معاشی بحالی اور توانائی بحران پر قابو پانا شامل ہے۔ وزیراعظم نے نئے بلاک کی آرائش کیلئے ترکی اور چین کے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ سماء