اسلام آباد پولیس مرکز، 90 فیصد سے زائد شکایات نبٹا دیں

اسلام آباد پولیس کے شکایات مرکز میں 7 ماہ کے دوران 2500 سے زائد شکایات کا اندراج کیا گیا،2400 کا ازالہ بھی کردیا گیا۔ گذشتہ سال کی نسبت جرائم میں مجموعی طور پر 10 فیصد کمی آئی۔ رپورٹ وزارت داخلہ کو پيش کردی گئی۔
فروری 2019 میں قائم ہونے والے وفاقی پولیس کے کمپلینٹ سینٹر میں شکایات کا انبار لگا لیکن شکایات کے ازالے میں اسلام آباد پولیس کی شاندار کارکردگی رہی۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس کے خلاف 61 مختلف شکایات ملیں جن میں سے 59 نمٹا دی گئیں۔ وفاقی پولیس نے اندھے قتل کے 14 کیسز کا سراغ لگایا۔اغوا برائے تاوان کے 2 مقدمات میں اغواکاروں کو گرفتار کرلیا۔
سات ماہ کے دوران قتل کے 73، اغوا برائے جنسی زیادتی کے 278 مقدمات درج ہوئے۔ڈکیتی اور راہزنی کی 266 وارداتیں ہوئیں جو گزشتہ سال 393 تھیں۔گزشتہ سال کارلفٹنگ کی 563 وارداتوں کے مقابلے میں اس مرتبہ 415 واقعات پیش آئے۔
ان جرائم میں گذشتہ سال کی نسبت 22 فیصد جبکہ مجموعی طور پر جرائم میں 10 فیصد کمی آئی۔