سیاست کی آڑ میں مجرموں کی مدد کی اجازت نہیں مل سکتی،حکومت کا متحدہ کو واضح پیغام
ویب ایڈیٹر:
اسلام آباد : وفاق نے ایم کیو ایم کا سیاسی سرگرمیوں پر پابندی کا الزام مسترد کر دیا، متحدہ کو پیغام دیا گیا ہے کہ سیاسی سرگرمیوں کی آڑ میں مجرموں کو پناہ دینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
وفاقی حکومت کے ذرائع نے سماء کو بتایا کہ کراچی آپریشن سے متعلق کسی بھی سیاسی جماعت کے سیکیورٹی اداروں کے کام میں رخنہ ڈالنے والے مطالبات تسلیم نہیں ہو سکتے۔
حکومت کی جانب سے متحدہ کو دیئے جانےوالے پیغام میں واضح کیا گیا ہے کہ الطاف حسین کا معاملہ عدالت میں ہے، حکومت متحدہ کے قائد کو براہ راست خطاب کی اجازت دینے کی مجاز نہیں، سیاسی اور عسکری قیادت نے یہ بھی طے کیا ہے کہ کراچی سے متعلق فیصلوں میں کوئی ردوبدل نہیں کیا جائے گا۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم کے صرف سیاسی تحفظات ہی دور کئے جا سکتے ہیں، حکومت نے سیاسی سرگرمیوں پر پابندی سے متعلق متحدہ کا الزام مسترد کر دیا، حکومت کا کہنا ہے کہ آئین اور قانون کے دائرہ میں رہ کر سیاسی سرگرمیوں کیلئے کسی پر کوئی قدغن نہیں، تاہم سیاسی سرگرمیوں کی آڑ میں مجرموں کو پناہ دینے کی اجازت نہیں دی جائے گی، فلاحی سرگرمیوں سے حاصل ہونے والی رقوم کا غلط استعمال ہر حال میں روکا جائے گا۔ سماء