راولپنڈی میں ڈینگی کی مریضوں میں اضافہ

راولپنڈی میں ڈینگی کا وائرس بے قابو ہوگیا ہے۔ گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید 172 مریض اسپتال میں داخل ہوئے ہیں۔ رواں سال متاثرین کی تعداد 619 ہوگئی۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کے سربراہ کو تبدیل کردیا گیا۔
بارشوں کے موسم میں راولپنڈی میں ڈینگی مچھروں کی تعداد بڑھنے لگی۔ الائیڈ اسپتالوں میں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی آمد میں اضافہ ہوا ہے۔گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 172 مریضوں میں ڈینگی کی تصدیق ہوگئی۔یکم جنوری سے اب تک ڈینگی کے متاثرہ مریضوں کی تعداد 619 ہوگئی۔
ہولی فیملی اسپتال کے انچارچ ڈینگی ڈپارٹمنٹ ڈاکٹر ریاض نے بتایا کہ اسپتال میں 100 کے قریب بستر موجود ہیں ، یہاں آنے والے مریضوں کا مفت ڈینگی ٹیسٹ لیا جائے گا۔
ڈینگی سے بگڑتی صورتحال کے باعث حکومت نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کے سربراہ ڈاکٹر نوید کو تبدیل کرکے چارج ڈاکٹر سہیل کو سونپ دیا۔صوبائی وزارت صحت نے پہلے ہی شہر میں ڈینگی ایمرجنسی نافذ کررکھی ہے۔
ڈی سی راول پنڈی محمد علی رندھاوا نے بتایا کہ متاثرہ جگہوں پر میڈیکل کیمپس لگا دئے گیے ہیں،اسپتالوں میں تمام انتظامات موجود ہیں۔
ضلعی انتظامیہ نے راولپنڈی میں ائیرپورٹ ہاؤسنگ سوسائٹی، جبی اور گلستان کالونی کےعلاقوں کو ڈینگی کے حوالے سے انتہائی حساس قرار دے رکھا ہے۔