ورکنگ باؤنڈری،ایل اوسی پربھارتی اشتعال انگیزی کانوٹس لیاجائے،پاکستان
ویب ایڈیٹر:
نیویارک : ملیحہ لودھی نے اقوام متحدہ کو بھارتی فوج کی مسلسل جارحیت سے آگاہ کردیا ہے، انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اقوام عالم بھارتی جارحیت کا نوٹس لیں، سلامتی کونسل کے صدر کے نام خط میں اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب نے کہا ہے کہ کنٹرول لائن اور ورکنگ باؤنڈری پر فائر بندی کی خلاف ورزیاں بڑھتی جا رہی ہیں۔
پاکستان نے سلامتی کونسل کے سامنے اپنا مؤقف پیش کردیا، پاکستان کا کہنا تھا کہ بھارت مسلسل اشتعال انگیزی کر رہا ہے، اقوام متحدہ جارحیت اور سرحدی خلاف ورزی کا نوٹس لے، بھارتی فوج کی فائرنگ اور گولا باری روکنے میں اپنا کردار ادا کرے۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے سلامتی کونسل کے نام خط میں لکھا ہے کہ بھارتی فوج شہری آبادیوں کو نشانہ بنا رہی ہے، اگست میں 20 شہری شہید اور 100 سے زائد زخمی کر دئیے گئے، اقوام متحدہ کے مبصر گروپ برائے پاکستان اور بھارت تحقیقات کریں۔
خط میں ملیحہ لودھی کا مزید کہنا تھا کہ اقوام متحدہ فائر بندی کی خلاف ورزی کی روک تھام کرائیں، اقوام متحدہ کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل جان ایلسن اور پیس کیپنگ ڈیپارٹمنٹ کو بھی تمام صورت حال سے آگاہ کیا جا چکا ہے، بھارتی اشتعال انگیزی کا اقوام متحدہ کے تمام ممبران بھی نوٹس لیں۔ سماء