مفاہمت کی سیاست پاش پاش،زرداری کاالطاف حسین کی زبان کیخلاف سخت بیان
ویب ایڈیٹر:
اسلام آباد / دبئی : پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر زرداری نے ایم کیوایم کے رہنما الطاف حسین کی گزشتہ روز کی تقریر پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ روز روز کی بہتان تراشی اور غیر سنجیدہ جملے بازی الطاف حسین کو زیب نہیں دیتی۔
سابق صدر آصف زرداری کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ایم کیو ایم کے ساتھ کئے گئے وعدوں کی پاسداری کی ہے، وفاقی حکومت ہو یا سندھ حکومت ہم نے سب کو ساتھ لے کر چلنے کی کوشش کی۔
آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم نے پاکستان پیپلز پارٹی کے ساتھ وعدہ خلافی کی اور دھوکہ دیا ہے، ہم نے ایم کیو ایم کے ساتھ مذاکرات میں ہمیشہ 2 شرائط رکھی ہیں، ایک یہ کہ سندھ کی تقسیم پر کوئی بات نہیں ہوگی اور دوسری یہ کہ کراچی کو پر امن شہر بنانے کے لئے تعاون کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا مؤقف آج بھی بڑا واضح ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی سندھ کو کسی صورت تقسیم نہیں ہونے دے گی، سابق صدر مملکت نے کہا کہ الطاف حسین کی منفی سیاست خود ایم کیوایم کےلئے بھی نقصان دہ ہوگی،ایم کیوایم قومی دھارے میں شامل ہوکرپاکستان اور سندھ کی ترقی وخوشحالی کےلئے کام کرے،آصف علی زرداری نے الطاف حسین کو مشورہ دیا کہ وہ آئے روز غیر ضروری گفتگو اور تقاریر سے پرہیز کریں۔ سماء