ن لیگ کیخلاف نیاسیاسی محاذ،پی پی،پی ٹی آئی سمیت5جماعتوں کااتحاد
ویب ایڈیٹر:
لاہور: پنجاب میں ن لیگ کے خلاف نیا سیاسی محاذ بنا لیا گیا ہے، بلدیاتی الیکشن کیلئے تحریک انصاف، پیپلزپارٹی اور جماعت اسلامی سمیت چھ جماعتیں اس انتخابی اتحاد میں شامل ہیں، تمام جماعتوں نے الیکشن کمیشن ارکان سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا ہے۔
لاہور میں پیپلز پارٹی کے رہنما منظور وٹو کی رہائش پر بلدیاتی انتخابات میں اپوزیشن جماعتوں کے گرینڈ الائنس کے حوالے سے اجلاس ہوا، جس میں پیپلز پارٹی، پاکستان تحریک انصاف، جماعت اسلامی، عوامی تحریک اور سنی اتحاد کونسل کے رہنماؤں نے شرکت کی۔
اجلاس میں الیکشن کمیشن کے چاروں صوبائی نمائندوں سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا گیا کہ ان چاروں کی موجودگی میں صاف اور شفاف بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں۔ اپوزیشن جماعتوں نے اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا کہ بلدیاتی انتخابات میں حکومتی جماعت مسلم لیگ (ن) کے خلاف ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا اور کسی بھی نشست پر (ن) لیگ کو فری ہینڈ نہیں دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ بلدیاتی انتخابات میں حکومت کی دھاندلی اور بیوروکریسی کا بھی مقابلہ کیا جائے گا۔
اپوزیشن جماعتوں کے اجلاس میں تمام جماعتوں نے حکومت کی کرپشن کے خلاف بھی متحد ہو کر آواز بلند کرنے کا فیصلہ کیا۔ سماء