سیلز ٹیکس رجسٹریشن کیلئے طریقہ کار جاری، سہولت سینٹرز قائم

رجسٹریشن کیلئے بائیو میٹرک تصدیق لازمی ہے

ایف بی آر نے سیلز ٹیکس رجسٹریشن کا طریقۂ کار جاری کرديا، 3 ہزار سہولت سينٹر قائم، بائیو میٹرک تصدیق لازمی قرار دیا گیا ہے۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو حکام نے پریس کانفرنس میں سیلز ٹیکس رجسٹریشن کا جدید اور آسان طریقہ متعارف کرادیا۔ ایف بی آر کے مطابق سیلز رجسٹریشن کیلئے کاغذی کارروائیوں کے جھنجھٹ اور فائلوں کے نام پر گھپلوں کا دور گیا، شناختی کارڈ کے غلط استعمال کا خطرہ بھی ختم ہوگیا، اب بائیو میٹرک تصدیق کرائیں، مطلوبہ تفصیلات دیں اور کام پورا ہوگیا۔

ایف بی آر ممبر محمود اسلم کہتے ہیں کہ ہم نے سیلز ٹیکس رجسٹریشن کے پراسس کو بہت آسان کر دیا، کوئی بھی شخص کمپیوٹر یا اپنے موبائل کے ذریعے اپنی سیلز ٹیکس کی رجسٹریشن خود ہی کر سکتا ہے، ہم نے کم سے کم دستاویزات مانگی ہیں، جیسے ہی فارم جمع ہوتا ہے تو آٹو میٹک طریقے سے سسٹم سیلز ٹیکس نمبر فراہم کر دے گا۔​

حکام کا کہنا ہے کہ ​مینو فیکچررز کو مشینری کی تفصیلات اور بجلی بل کی کاپی بھی دینا ہوگی، آن لائن سیلز ٹیکس رجسٹریشن کیلئے ملک بھر میں 2900 سہولت مراکز بھی قائم کردیئے گئے ہیں، یہ پورا سسٹم نادرا سے لنک ہے، بینک اکاؤنٹس کی تصدیق بھی ہوجائے گی۔

ایف بی آر نے سالانہ 6 لاکھ یا زیادہ بجلی کا بل ادا کرنیوالے، صنعتی کنکشن کے حامل اور ایک ہزار مربع فٹ سے بڑی دکان والے ریٹیلرز کی رجسٹریشن کو پہلی ترجیح قرار دیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ہمارا ٹارگٹ ہے کہ 3 سے 4 لاکھ لوگ سیلز ٹیکس کی رجسریشن اور ریٹرن فائل کرتے ہوئے پیسے جمع کرائیں، ہمارے پاس سیلز ٹیکس رجسٹریشن کی تعداد ڈھائی لاکھ سے اوپر ہے لیکن اصل سیلز ٹیکس ادا کرنے والے افراد 41 ہزار کے قریب ہیں۔

ایف بی آر حکام کے مطابق بینک سے رقوم نکلوانے سمیت دیگر معاشی سرگرمیوں کی بنیاد پر​ ایک لاکھ ٹیکس نادہندگان کو نوٹس جاری کئے گئے، مزید ایک لاکھ کیلئے بھی نوٹس تیار ہیں، یہ سلسلہ مرحلہ وار جاری رہے گا۔

ایف بی آر نے نوٹس کا جواب نہ دینے والوں کیخلاف کارروائی کا اعلان اور جعلی ای میلز کی روک تھام کیلئے ایف آئی اے سائبر کرائمز ونگ سے رابطہ بھی کرلیا۔

Sales Tax

Tabool ads will show in this div