ہاشم آملہ کا بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان
جنوبی افریقی اوپنر ہاشم آملہ نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا، شائقین انہیں بین الاقوامی مقابلوں کے بجائے صرف لیگز میں کھیلتے ہوئے دیکھ سکیں گے۔
جنوبی افریقا کے مایہ ناز اوپنر ہاشم آملہ نے جمعرات کو بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا، انہوں نے 15 سال تک شائقین کو اپنے کھیل سے متاثر کیا۔
ہاشم آملہ نے اپنے کیریئر کے دوران 124 ٹیسٹ میچز کھیلے اور 46.64 کی اوسط سے 9 ہزار 282 رنز بنائے جو جنوبی افریقا کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے بڑا انفرادی اسکور ہے۔
مزید جانیے : ڈیل اسٹین کا ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان
ہاشم آملہ نے جنوبی افریقا کی جانب سے 178 ون ڈے میچز کھیل کر 8 ہزار سے زائد رنز بنائے، جبکہ پروٹیز کیلئے 44 ٹی 20 میچز میں کھیل کر 1277 رنز بنائے۔
ہاشم آملہ بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائر ہوچکے ہیں جبکہ وہ آئی پی ایل میں کنگز الیون پنجاب، کیریبیئن پریمیئر لیگ میں بارباڈوس ٹرائڈینٹس اور مزانسی سپر لیگ میں ڈرہم ہیٹ کیلئے کھیلتے رہیں گے۔
ورلڈ کپ 2019ء میں ناقص پرفارمنس پر ہاشم آملہ کو کڑی تنقید کا سامنا تھا، ان سے قبل جنوبی افریقی پیسر ڈیل اسٹین بھی ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرچکے ہیں۔