کوئٹہ میں دھماکا، ایک شخص جاں بحق، 16 افراد زخمی
کوئٹہ کے علاقے مشن چوک پر زور دار دھماکے میں ایک شخص جاں بحق اور 16 افراد زخمی ہوگئے، تین کی حالت تشویشناک ہے۔
نمائندہ سماء کے مطابق کوئٹہ کے مشن چوک پر جناح مارکیٹ میں زور دار دھماکا ہوا، واقعے میں کئی دکانوں کو بھی نقصان پہنچا، دھماکے کے نتیجے میں مارکیٹ کے دکانداروں اور 2 بچوں سمیت 17 افراد زخمی ہوگئے، جنہیں فوری طور پر سول اور سی ایم ایچ منتقل کیا گیا، جہاں ایک زخمی دکاندار دم توڑ گیا، جس کی شناخت عبدالحسین ولد محمد حیدر کے نام سے ہوئی۔
دھماکے کے زخمیوں کی سید محمد علی، فاروق، علی جان، حسین علی، عبدالحسن، سراج الدین، محمد ابراھیم، عباس علی، محمد جان، محمد اسماعیل، محمد علی، سلمان علی اور نادر علی کے ناموں سے ہوئی ہے، 3 زخمیوں کی شناخت تاحال نہ ہوسکی۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق زخمیوں میں 2 کی حالت تشیویشناک ہے۔

مزید جانیے : کوئٹہ کے لیاقت بازار میں دھماکا، 4 افراد جاں بحق، متعدد زخمی
صوبائی وزیر داخلہ ضیاء لانگو کا کہنا ہے کہ پڑوسی ملک بلوچستان میں دہشت گردی کو فروغ دے رہا ہے، افغانستان کی سرزمین پاکستان کیخلاف استعمال کی جارہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک ہفتے قبل لیاقت بازار اور مشرقی بائی پاس دھماکے کے حوالے سے اہم پیش رفت ہوئی ہے، جس سے پولیس کو تحقیقات میں مدد ملے گی۔
ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ نے میڈیا کو بتایا کہ دہشتگردی کے واقعات کے بعد شہر میں سیکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے، دھماکے میں کسی خاص مسلک کو نہیں بلکہ عام شہریوں کو نشانہ بنایا گیا ہے، دہشت گرد خریدار بن کر مارکیٹ میں آئے اور دھماکا خیز مواد رکھ کر فرار ہو گئے۔
[caption id="attachment_1636327" align="alignnone" width="738"]
پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکا 3 سے 4 کلو وزنی ریموٹ کنٹرول بم کے ذریعے کیا گیا۔
کوئٹہ میں 30 جولائی کو میزان چوک پر دھماکے میں 4 افراد جاں بحق اور 30 سے زائد زخمی ہوگئے تھے، زخمیوں میں ایڈیشنل ایس ایچ او بھی شامل تھے۔
واضح رہے کوئٹہ میں دو ہفتوں کے دوران یہ تیسرا دھماکا ہے، ان دھماکوں میں مجموعی طور پر میں 10 افراد جاں بحق اور 70 زخمی ہوچکے ہیں۔