وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کو خط
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کو خط لکھ کر مطالبہ کیا ہے کہ اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔
پاکستانی وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے خط کے ذریعے سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ انٹونیو گوٹیریس کو مقبوضہ کشمیرکی تشویشناک صورت حال سے آگاہ کیا گيا۔ خط کا متن ہے کہ بھارتی فائرنگ سے شہریوں کی شہادتیں اور ان کی املاک کو نقصان پہنچ رہا ہے۔
اپنے خط میں وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت کالے قانون کے تحت نہتے کشمیریوں کو جبر و تشدد کا نشانہ بنا رہا ہے۔ ایل اوسی پر بھارتی فائرنگ میں اضافہ سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔ خط میں مزید کہا گیا کہ کشمیر میں مزید دس ہزار فوجیوں کو بھجوانے کی اطلاعات بھی تشویشناک ہیں۔ بھارتي اقدامات سے جنوبی ایشیا کا امن خطرے میں ہے۔ صورت حال کا فوری سدباب نہ کیا گیا تو امن وامان کوشدید خطرات لاحق ہوسکتے ہیں، مقبوضہ کشمیر میں بھارت کامزید 10ہزار سے زیادہ فوجی بھیجنا تشویشناک ہے۔
وزیر خارجہ نے مطالبہ کیا ہے کہ اقوام متحدہ کشمیر کی صورت حال کے جائزے کیلئے فوری فیکٹ فائنڈنگ مشن قائم کرے اور نمائندہ خصوصی برائے جموں و کشمیرکی تعیناتی بھی کی جائے۔ خط میں واضح کیا گیا ہے کہ پاکستان مقبوضہ کشمیرمیں کسی بھی جغرافیائی تبدیلی کا مخالف ہے۔
شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ سری نگر ایئرپورٹ پر خصوصی طیاروں کی نقل و حرکت خدشات کو تقویت دے رہے ہیں، بھارتی اقدامات کشمیریوں کے خوف میں مزید اضافےکا باعث بن رہے ہیں۔ بھارتی اقدام سے یو این قراردادوں کے مطابق استصواب رائے کاعمل متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔