میرے پاس ایک ایکڑ بھی سرکاری زمین ہوئی تو سیاست چھوڑ دونگا، خورشید شاہ
پیپلز پارٹی کے رہنماء خورشید شاہ کہتے ہیں کہ میرے پاس ایک ایکڑ بھی سرکاری زمین ہوئی تو ہمیشہ کیلئے سیاست چھوڑ دوں گا، جس ملک کے سینیٹر بک جائیں اس ملک کو کیا عزت ملے گی۔
سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے سینئر رہنماء اور سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ کوئی ایک ایکڑ سرکاری زمین بھی میرے پاس ثابت کردے تو ہمیشہ کیلئے سیاست چھوڑدوں گا، 30 سال کے دوران بڑی بڑی وزارتوں میں کام کیا، کوئی ایک اسکینڈل بھی دکھادے۔
چیئرمین سینیٹ کیخلاف تحریک عدم اعتماد کی ناکامی پر رد عمل دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بہت دکھ ہوا، جس ملک کے ایوان بالا، سینیٹ کے اراکین بک جائیں، چوری کرلیں، پارٹی سے غداری کریں، اس ملک کا دنیا میں کیا نام ہوا ہوگا۔
خورشید شاہ نے سینیٹرز کو مشورہ دیا کہ بکنے کے بجائے ووٹ نہ ڈالنے اور چلے جاتے، ایسے لوگوں نے دنیا بھر میں پاکستان کی جنگ ہنسائی کروائی ہے۔
چیئرمین سینیٹ کیخلاف تحریک عدم اعتماد کیلئے رائے شماری کرانے کی قرار داد میں 64 اراکین نے ہاتھ اٹھائے تاہم جب ووٹنگ ہوئی تو صرف 50 اراکین نے تحریک کے حق میں ووٹ دیا جبکہ صادق سنجرانی کی حمایت میں 45 ووٹ پڑے، تحریک کی کامیابی کیلئے کم از کم 53 ووٹوں کی ضرورت تھی۔