شمالی وزیرستان آپریشن، وزیراعظم اور آرمی چیف کی سوچ یکساں ہے، شیخ رشید
ویب ڈیسک
اسلام آباد : شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ سابق صدر پرویز مشرف کو سزا ہو یا نہ ہو وہ ملک سے باہر چلے جائیں گے، سعودی عرب، چین، امریکا اور متحدہ عرب امارات انہیں یہاں سے لے جانا چاہتے ہیں، انہوں نے اگر کوئی جرم کیا تو وہ 12 اکتوبر کا اقدام تھا جس کی حمایت چیف جسٹس چوہدری افتخار، کور کمانڈرز اور سیاسی جماعتوں نے کی، شمالی وزیرستان آپریشن پر وزیراعظم اور آرمی چیف کی سوچ میں یکسانیت ہے، نواز شریف کیلئے نیا سال فیصلہ کن ہوگا، وہ چھا جائیں گے یا گھر جائیں گے۔
ندیم ملک لائیو میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پرویز مشرف کا مدر کرائم 12 اکتوبر تھا ان کیخلاف کارروائی کا آغاز 1999ء سے کرنا چاہئے، نواز شریف کو باہر بھیجنے میں شاہ عبداللہ نے اہم کردار ادا کیا تھا، آج شاہ عبداللہ کے علاوہ چین، امریکا اور یو اے ای پرویز مشرف کو پاکستان سے لے جانا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ججز کی برطرفی میں بہت سے لوگوں ملوث تھے، بہت سے ججز غلط فہمی میں مارے گئے، پرویز مشرف کو سزا ہو یا نہ ہو یہ طے ہے کہ وہ باہر چلے جائیں گے۔
شیخ رشید کا کہنا ہے کہ آل پارٹیز کانفرنس میں تمام جماعتیں متفق تھیں کہ مذاکرات کئے جائیں، نواز شریف اور فوج کی اس حوالے سے ایک سوچ ہے، فوج میں بھی مذاکرات اور آپریشن سے متعلق 2 رائے موجود ہیں، طالبان بخوبی جانتے ہیں کہ شمالی وزیرستان میں آپریشن کی تیاری ہورہی ہے، اگر آپریشن ہوگیا تو فضل الرحمان کیلئے امتحان ہوگا، عمران خان اور خیبرپختونخوا حکومت آپریشن کی حمایت نہیں کریں گے۔
اے ایم ایل کے سربراہ نے کہا کہ ماضی کی حکومت چور، ڈاکو، لٹیروں کی تھی، سیاست رہے نہ رہے، چوروں اور لٹیروں کو بے نقاب کروں گا، اگر بلا فوج ہے تو دیوار ٹاپ کر بھی آسکتا ہے، بلے کی آمد حالات پر منحصر ہے، ہمیں چاہئے کہ اس کیلئے حالات نہ بنائیں۔
شیخ رشید نے مزید کہا کہ وزیراعظم کو نیشنل بینک میں بیٹھ کر میٹنگ کرنے کا کوئی اختیار نہیں، نواز شریف کو چاہئے کہ اچھی ٹیم بنانے پر توجہ دیں، ان کے پاس ایسی ٹیم نہیں جو حالات بہتر کرسکے، موجودہ کابینہ اسمبلی کے جواب دینے کی اہلیت نہیں رکھتی مسائل کیا حل کرے گی۔
وہ کہتے ہیں کہ نواز شریف کی اصل حکومت جنوری 2014ء سے شروع ہوگی، گورننس کو ٹھیک کریں اور اہل، ایماندار، مخلص لوگوں کو اوپر لائیں، نیا سال فیصلہ کن ہوگا، یا تو نواز شریف چھا جائیں گے یا گھر جائیں۔
ان کا کہنا ہے کہ حکومت جس ٹیکس سے چل رہی ہے وہ پیٹرول کے ذریعے عوام سے لیا جاتا ہے، مقامی اور بین الاقوامی سطح پر سرمایہ کاری کی ضرورت ہے، آئی ایم ایف کی قسط نہ آتی تو پتہ لگ جاتا کہ کیا ہونے جارہا ہے، اس ملک کی تباہی ڈالرز کے ہاتھوں ہونے والی ہے، اسحاق ڈار ڈالر کی مصنوعی نس بندی کررہے ہیں، شیخ رشید نے اسحاق ڈار کے ڈالر کیش کرانے سے متعلق بیان پر شدید تنقید اور طنز کیا۔ سماء