کراچی کا 70 فیصد علاقہ لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ ہے،سینیٹ کمیٹی کو کے الیکٹرک کی بریفنگ

کراچی میں بارش کے باعث شہر کا بیشتر حصہ بجلی سے محروم رہا لیکن کے الیکٹرک نے سب اچھا کی رپورٹ دے دی۔ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے توانائی کو بریفنگ میں کےالیکٹرک حکام نے بتایا کہ کراچي کا ستر فیصد علاقہ لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ ہے۔
سینیٹ قائمہ کمیٹی توانائی کا اجلاس فدا محمد کی زیر صدارت ہوا۔ کے الیکٹرک حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کراچی میں لوڈشیڈنگ اور عوامی شکایات میں کمی ہوئی ہے، اوور بلنگ کی شکایات بھی صارفین کی دہلیز پر حل کی جاتی ہیں۔ کے الیکٹرک حکام کا کہنا تھا کہ اگر کہیں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ ہوتی ہے تو اس کی وجہ تکنیکی خرابی ہوتي ہے۔
حکام نے بتایا کہ کے الیکٹرک کو مالی سال 2018 2019 میں 519 میگا واٹ شارٹ فال کا سامنا رہا، کراچی کے 70 فیصد علاقوں اور صنعتوں کو 100 فیصد بجلی فراہم کی جارہی ہے۔
بریفنگ کے بعد کمیٹی ارکان نے کے الیکٹرک حکام سے کوئی سوال نہ کیا جس کے بعد وہ واپس چلے گئے۔