ڈیرہ غازی خان میں سیلاب سے درجنوں دیہات زیرِ آب، فصلیں تباہ
دریائے سندھ ميں پانی کی سطح بلند ہونے سے ڈیرہ غازی خان کے کچے کے علاقے میں درجنوں دیہات زیرِ آب آگئے۔
ڈیرہ غازی خان میں کچے کے درجنوں دیہات ڈوبنے کے علاوہ ہزاروں ایکڑ رقبے پر کاشت کپاس سمیت دیگر فصلیں تباہ ہوگئیں۔
متاثرہ علاقوں سے لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت محفوظ مقامات کی جانب نقل مکانی شروع کر دی۔
علاقہ مکین کہتے ہیں آج تک حکومت کے کسی بندے نے آکر نہیں پوچھا کہ آپ لوگ کیسے زندگی گزار رہے ہیں۔ ہماری گندم بھی سیلاب میں بہہ گئی جبکہ جانوروں کا چارہ بھی نہیں ہے جس کے باعث ہمارے جانور بھی بھوک سے مر رہے ہیں۔
نواب شاہ کے روہڑی کینال ميں 200 فٹ چوڑا شگاف پڑگيا جس کی وجہ سے کئی ايکڑ زمين زيرِ آب آگئی۔ محکمہ آبپاشی کا عملہ ہیوی مشینری کے ساتھ شگاف بھرنے ميں مصروف رہا جبکہ امدادی کارروائیوں کیلئے رینجرز کو بھی طلب کر ليا گيا۔
وادی نیلم کےعلاقہ لیسوا میں سیلاب میں بہہ جانے والے 24 افراد ميں سے ايک کي لاش نیلم جہلم پاور پراجیکٹ کے ڈیم میں سے مل گئی۔ انتظاميہ نے مزيد افراد کي تلاش کیلئے ريسکيو آپريشن دوبارہ شروع کر ديا۔