لفٹ میں پھنس جائیں تو کیا کرنا چاہئے

Jul 19, 2019

لفٹ میں پھنس جانے کے واقعات اکثر و بیشتر پیش آتے رہتے ہیں۔ زیادہ تر واقعات مختصر دورانیہ کے ہوتے ہیں جیسے کہ اچانک بجلی چلی جاتی ہے تو متبادل بجلی فراہم ہونے تک لفٹ چل نہیں پاتی۔ بعض اوقات لفٹ میں کوئی تکنیکی خرابی پیدا ہوجاتی ہے جس کو ٹھیک کرنے میں وقت لگ جاتا ہے۔ ایسی صورتحال میں چند باتوں کو ذہن میں رکھنا چاہئے۔

چلتے ہوئے اچانک لفٹ رک جائے تو گھبرانے کی بالکل ضرورت نہیں۔ لفٹ کے اندر موجود ایمرجنسی کا بٹن دبائیں۔ انتظامیہ کو اطلاع مل جائے گی۔

بعض جگہ لفٹ کے اندر ایک انٹر کام بھی لگا ہوتا ہے جس پر آپ انتظامیہ کو فون کرکے اطلاع دے سکتے ہیں۔ مگر بجلی نہ ہونے کی صورت میں شاید یہ دونوں چیزیں کام نہ کریں۔

اس صورت میں لفٹ کے اندر ایمرجنسی نمبر ڈھونڈیں اور اپنے موبائل سے اس پر کال کریں۔ اگر ایمرجنسی نمبر بھی نہ ہو تو کسی ایسے شخص کو کال کریں جو اس عمارت کے اندر یا آس پاس موجود ہو۔

ٹیکنیکل خرابی کی صورت میں لفٹ کو ٹھیک کرکے چلانے میں وقت لگ سکتا ہے۔ ایسی صورت میں درج ذیل ہدایات پر عمل کیجئے۔

لفٹ کا دروزہ چھیڑنے سے مکمل گریز کریں کیوں کہ آپ کو اندازہ نہیں ہوسکتا کہ اس وقت لفٹ کہاں کھڑی ہے، ممکن ہے وہ دو چھتوں کے درمیان اٹکی ہو، ایسی صورت میں مزید مسائل پیدا ہوسکتے ہیں اور یہ خطرناک بھی ہے۔

خراب لفٹ کے اندر بیٹھ کر کسی قسم کی جدوجہد نہ کریں، اپنی توانائی بچا کر رکھیں، ہوسکتا ہے لفٹ ٹھیک ہونے میں وقت زیادہ لگے اور آپ کا انرجی لیول نیچے چلا جائے۔

اگر آپ نے چست کپڑے پہنے ہیں تو ان کو ڈھیلا کردیں۔ جیسا کہ ٹائی کھول دیں۔ اگر موسم گرم ہو تو اضافی کپڑے اتار دیں جیسے کہ کوٹ، شال وغیرہ۔

اپنے فون کی بیٹری بچانے کی کوشش کریں، غیر ضروری استعمال سے ممکن حد تک گریز کریں۔ انٹرنیٹ ڈیٹا بند کرکے بیٹری زیادہ دیر تک بچائی جاسکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی، اپارٹمنٹ کی لفٹ میں پھنس کر بچہ جاں بحق

مسلسل کھڑے رہنے کے بجائے لفٹ میں سکون سے بیٹھ جائیں۔

اونچی ایڑھی والے جوتے اور سینڈل اتار کر ایک طرف رکھ دیں۔

اگر آپ کے پاس کھانے پینے کی اشیا موجود ہیں تو انہیں جلدی ختم نہ کریں بلکہ ممکن حد تک بچانے کی کوشش کریں۔ لفٹ ٹھیک ہونے میں زیادہ وقت لگا تو آپ کو بعد میں اشد ضرورت پڑسکتی ہے یا لفٹ میں آپ کے ساتھ موجود کسی دوسرے شخص کو شاید آپ سے زیادہ بھوک یا پیاس لگ جائے، یا پھر کسی کو کسی بیماری کے باعث ان اشیا کی ضرورت پڑ جائے۔

لفٹ میں بالکل خاموشی سے بیٹھنا ماحول کو مزید گھٹن زدہ کردیتا ہے۔ اگر آپ کے ساتھ کوئی اور موجود ہے تو آپس میں گپ شپ کریں، ہلکی پھلکی باتیں کریں۔

اپنے ساتھ پھنسے دوسرے افراد سے پوچھیں، ان میں کسی کو کھانے پینے یا کسی میڈیسن کی ضرورت ہو، شاید آپ ان کی کچھ مدد کرسکیں۔

لفٹ میں پھنسے افراد میں کسی کو اگر بند جگہوں سے خوف کا عارضہ ہو تو اس کو حوصلہ دیں مگر ہجوم بنانے سے گریز کریں۔

Tabool ads will show in this div