ٹرینٹ بولٹ نے ورلڈ کپ فائنل میں شکست پر مداحوں سے معافی مانگ لی
نیوزی لینڈ ٹيم ورلڈ کپ فائنل نہ جیت سکی، ٹرینٹ بولٹ نے مداحوں سے معافی مانگ لی، کیوی فاسٹ بولر نے اعتراف کیا کہ اعصاب شکن معرکے کو بھلانے میں کچھ وقت لگے گا۔
فائنل ميں اعصاب شکن مقابلے کے بعد انگلینڈ کو فاتح قرار دیا گیا تھا، مقررہ 50 اوورز میں دونوں ٹیموں نے 241 رنز بنائے، میچ کو فیصلہ کن بنانے کیلئے سپر اوور کھیلا گیا تاہم اس میں بھی مقابلہ ٹائی ہوگیا، دونوں ٹیموں نے 6، 6 گیندوں پر 15، 15 رنز بنائے تاہم انگلینڈ کو کرکٹ قوانین کے تحت زیادہ باؤنڈریز پر ورلڈ کپ چیمپئن قرار دیا گیا تھا۔
مزید جانیے : انگلینڈ نیوزی لینڈ کو شکست دیکر پہلی مرتبہ ورلڈ کپ کا چیمپیئن بن گیا
عالمی ایونٹ میں ناقابل یقین کارکردگی اور فائنل میں اعصاب شکن مقابلے کے باوجود نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر ٹرینٹ بولٹ آکلینڈ پہنچنے تو کرکٹ مداحوں سے معافی مانگی، انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ کے فیصلہ کن معرکے کی یادوں کو جلد بھلانا آسان نہیں ہے۔
بولٹ کا کہنا تھا کہ میچ کے آخری اوور کا خیال بار بار ذہن میں آتا ہے، جب مارٹن گپٹل کی تھرو پر انگلینڈ کو 6 رنز ملے، 2 کھلاڑی رن آوٹ ہوئے، ہم نے انگلینڈ کو آل آؤٹ کردیا مگر میچ ٹائی ہوگیا۔
یہ بھی پڑھیں : ورلڈ کپ میں باؤنڈریز کی بنیاد پرشکست، کیوی کوچ کا آئی سی سی کو مشورہ
کیوی پیسر نے مزید کہا کہ وہ کیفیت ناقابل بیان تھی جب اسٹوکس کا کیچ لیتے ہوئے میرا پاؤں باؤنڈری لائن سے ٹکرا گیا تھا، گپٹل نے انہیں خبردار کرنے کی کوشش کی کہ باؤنڈری قریب ہے مگر شور میں، میں کچھ سن نہیں سکا۔
ان کا کہنا ہے کہ میچ کے بعد لوگوں نے ہمیں بہت سپورٹ کیا، ہم سے ہمدری کا اظہار کیا مگر ہم شائقین کو مایوس کرنے پر معذرت خواہ ہیں۔