ايل اين جی کيس، شاہد خاقان کا نيب ميں پیشی کیلئے 3 دن مہلت کا خط

سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسي کو ایل این جی کیس میں ایک مرتبہ پھر نیب نے طلب کیا اور بدھ کی صبح 10 بجے حاضري يقيني بنانے کا حکم دیا۔ تاہم سابق وزيراعظم نے ايل اين جي کيس ميں نيب ميں پیشی کے لیے تين دن مہلت کے ليے خط لکھ ديا۔
ایل این جی کیس میں نیب نے شاہد خاقان عباسی کو چوتھی مرتبہ طلب کیا تھا۔ شاہد خاقان عباسي نے مؤقف اختيار کيا صرف ایک دن کے نوٹس پر نیب دفتر پیشی ممکن نہیں اس لیے آج پیشی سے معذرت خواہ ہوں۔ شاہد خاقان عباسی نے مزید کہا کہ نیب دفتر پیشی کیلئے تیار ہوں لیکن مناسب وقت دیا جائے۔
شاہد خاقان عباسی نے اس کیس میں نیب طلبی میں کم از کم تین روز کے پیشگی نوٹس کا کہا۔سابق وزیر اعظم سمیت 7 افراد کے خلاف انکوائری کی منظوری 6 جون 2018 کو چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے دی تھی۔ نیب کا الزام ہے کہ سابق وزیر اعظم نے اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے قواعد و ضوابط کے خلاف من پسند کمپنی کو ایل این جی ٹرمینل کا ٹھیکہ دیا تھا۔