وفاقی کابینہ نے اسلام آباد میں پلاسٹک بیگز کے استعمال پر پابندی لگا دی

وفاقی کابینہ نے اسلام آباد میں پلاسٹک بیگز کے استعمال پر پابندی لگا دی، مون سون میں چودہ کروڑ پودے لگانے کا ہدف مقرر، ہیلتھ کئیر بل اور ای کامرس پالیسی کی منظوری جبکہ وزیراعظم نے آٹے اور روٹی کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹس لے لیا۔
وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں بڑے فیصلے کئے گئے شہر اقتدار کے ماحول کو آلودگی سے بچانے کے لیے پلاسٹک بیگز پر پابندی کی منظوری دے گئی، خلاف ورزی پر جرمانہ بھی کیا جائے گا۔
مشیر موسمیاتی تبدیلی امین اسلم کا کہنا تھا کہ چودہ اگست کے بعد شاپر کے استعمال پر پابندی ہے، شاپر استعمال کرنے والے پر پانچ ہزار جبکہ بیچنے والے پر دس ہزار جرمانہ عائد کریں گے، انیس سونوے میں سالانہ ایک کروڑ شاپر استعمال ہوتا تھا اب سالانہ پچپن ارب کا بیگ استعمال ہوتا ہے۔
کابینہ نے توصیف ایچ فاروق کو چئیرمین نیپرا اور عامر علی احمد کو تین ماہ کے لیے چئیرمین سی ڈی اے لگانے کی منظوری دے دی، وزیراعظم نے آٹے اور روٹی کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹس لے لیا۔
مشیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ گیس کی قیمتوں کا اطلاق اگست میں ہو گا، پہلے ہی جواز کیسے بنا لیا گیا،وزیراعظم نے پریس سیکرٹری کو صوبوں سے تفصیلات لینے کی ہدایت کردی ہے۔
کابینہ نے ہیلتھ کئیر بل اور ای کامرس پالیسی کے علاوہ یورو اور اسکوک بانڈز کے اجرا کے لیے مالیاتی مشیر کی تعیناتی کی منظوری بھی دی۔
ریکوڈک کیس کے بارے میں عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کا جائزہ لینے کے لیے وزیر قانون کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔