لاہور سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں بارش،نظامِ زندگی متاثر

لاہور میں رات گئے شروع ہونے والی بارش کئی گھنٹے گزر جانے کے بعد وقفے وقفے سے جاری ہے۔ بارش اور ٹھنڈی ہواؤں نے گرمی کا زور مکمل توڑ ديا ہے۔
محکمہ موسمیات نے لاہور اور گرد و نواح میں آئندہ 2 روز تک مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔ بارش کے بعد شہر کے مختلف علاقوں ميں بجلي کي فراہمی بھی معطل ہوگئي ہے۔
لاہور کے علاوہ پنجاب کے مختلف شہروں ميں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ پنڈی بھٹیاں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کے بعد نشیبی علاقے زیر آب آگئے، متعدد علاقوں کی بجلی بھی بند ہوگئی ہے۔
پتوکی اور پھول نگر میں بھی بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے تاہم بارش کی وجہ سے کئی علاقوں کی بجلی بھی چلی گئی ہے۔
میانوالی اور گردونواح میں بارش برستے ہی گرمی کی شدت ختم ہوگئی تاہم واپڈا کے متعدد فیڈرز ٹرپ کرنے سے کئی علاقوں میں بجلی کی سپلائی معطل ہوگئی۔
چنیوٹ میں بارش کے بعد شہر جوہڑ میں تبدیل ہوگیا، اہم شاہراہوں اوراندرون شہر کی گلیوں سے 10 روز بعد بارش کا پانی نہیں نکالا جا سکا۔