سجاول : ٹاؤن چیئرمین غیر حاضر، ڈپٹی کمشنر آفس میں بلوایا گیا اجلاس بے نتیجہ ختم
ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی کی جانب سے ڈپٹی کمشنر آفس میں بلوائے گئے اجلاس میں چیئرمین ٹاؤن کمیٹی نے شرکت نہیں کی، اجلاس بغیر نتیجے ختم ہوگیا، میٹنگ 18 جولائی کو دوبارہ ہوگی۔ شہری اتحاد کی جانب سے جدوجہد جاری رکھنے کا اعلان کردیا گیا۔
سجاول میں شہری اتحاد اور اس کی حامی جماعتوں جے یو آئی، پیپلز پارٹی شہید بھٹو، عوامی تحریک اور تاجر اتحاد نے شہر میں گندگی کے ڈھیر اور ٹاؤن کمیٹی فنڈز میں کروڑوں روپے کی مبینہ کرپشن کے خلاف چیئرمین ٹاؤن کمیٹی سید شیر علی بخاری کیخلاف احتجاج کیا، جس کا ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی اور پیپلز پارٹی ضلع سجاول کی جنرل سیکریٹری ریحانہ لغاری نے نوٹس لے لیا۔
انہوں نے ٹاؤن کمیٹی، شہر میں گندگی کے مسائل پر ڈی سی آفس سجاول میں پیپلز پارٹی کے منتخب ٹاؤن چیئرمین شیر علی شاہ بخاری، منتخب کونسلرز، شہری اتحاد اور تاجر اتحاد کے رہنماؤں کو اجلاس کی دعوت دی، تاہم اجلاس میں پیپلزپارٹی سے تعلق رکھنے والے ٹاؤن چیئرمین نے شرکت نہیں کی۔

اجلاس میں موجود ڈپٹی اسپیکر اور ڈپٹی کمشنر سجاول محمد اسماعیل میمن کی جانب سے فون کرکے چیئرمین کو اجلاس میں آنے کا کہا گیا تاہم وہ اجلاس میں نہیں پہنچے، جس پر ریحانہ لغاری نے 18 جولائی کو دوبارہ اجلاس طلب کرلیا۔
دوسری جانب اجلاس میں شرکت کرنیوالے شہری اتحاد کے صدر اعظم عمرانی اور تاجر اتحاد کے صدر نیاز میمن نے رابطہ کرنے پر سماء کو بتایا کہ شہر میں نکاسی آب کا مسئلہ جوں کا توں ہے، گھروں میں پینے کا پانی نہیں اور گلیوں میں گٹر ابل رہے ہیں، سالوں سے کرپشن کے باعث ادھوری پڑی ترقیاتی اسکیمیں آج بھی نظر انداز کی جارہی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ شہر کے مسائل کے حل کیلئے ہماری جدوجہد جاری رہے گی، دکھاوے کی خاطر چند نئے کام شروع کروا کر چیئرمین ہمیں خاموش نہیں کرواسکتے۔