سجاول میں گندگی سے عاجز شہریوں کا ٹاؤن کمیٹی کیخلاف احتجاج

سجاول شہر میں ہر طرف پھیلی گندگی اور ٹاؤن کمیٹی کے فنڈز میں مبینہ کرپشن کے خلاف عوام نے سڑکوں پر نکل آئے۔ سیکڑوں افراد نے جامع مسجد چوک سے پبلک پارک تک ریلی نکالی اور انتظامیہ کیخلاف نعرے لگائے۔
مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے شہری اتحاد کے رہنماؤں نیاز میمن، اعظم عمرانی، یونس بھان، مولوی اشرف میمن و دیگر نے کہا کہ شہر کچرے کے ڈھیر میں تبدیل ہوگیا ہے جبکہ ٹاؤن کمیٹی کو کرپشن سے فرصت نہیں مل رہی۔
انہوں نے کہا کہ شہر کیلئے آواز اٹھانے کی پاداش میں شہری اتحاد کے رہنماؤں پر بے بنیاد اور من گھڑت الزامات لگاکر خاموش کرانے کی کوشش کی جارہی ہے مگر ہم کسی صورت حقوق کی جدوجہد سے دستبردار نہیں ہوں گے۔
دوسری جانب چیئرمین ٹاؤن کمیٹی کے خلاف شروع کی گئی تحریک کا ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی ریحانہ لغاری نے بھی نوٹس لے لیا ہےـ ریحانہ لغاری کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر سجاول نے ایک نوٹیفکیشن جاری کرکے چیئرمین ٹاؤن کمیٹی شیر علی شاہ بخاری اور شہری اتحاد رہنماؤں کو آج شہر کے مسائل پر گفتگو اور اس کے حل کے لئے ڈی سی آفس طلب کرلیا ہےـ