چترال، رضاکاروں نے مزید 150 افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا

چترال کے علاقہ گولین میں گلیشئر پھٹنے سے سیلاب کے بعد چوتھے روز بھی امدادی کارروائیاں جاری رہیں۔ جمعرات کو ریسکیو اہلکاروں نے جان پر کھیل کر مزید 150 افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا۔
ریسکیو 1122 کے مطابق گولین کے مضافات میں واقع بابوکا میں جمعرات کو بھی امدادی کارروائیاں جاری رہیں۔ ریسکیو اہلکار6 کلو میٹر کا پتھریلا اور کٹھن راستہ پیدل طے کرتے ہوئے امدادی سامان کے ہمراہ پہنچے اور علاقے میں محصور مقامی افراد اور سیاحوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا سلسلہ جاری رکھا۔
ریسکیو کی جانب سے جاری تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ رضاکار ایک تند و تیز دریا کے اوپر رسیاں اور سیڑھیاں باندھ کر لوگوں کو دریا پار کرا رہے ہیں جبکہ متعدد تصاویر میں رضاکار بچوں کو پیٹ پر بٹھاکر خود گھٹنوں کے بل چلتے نظر آرہے ہیں۔
ریسکیو1122 کے اہلکاروں نے علاقے میں میڈیکل کیمپ بھی قائم کیا اور 50 سے زائد افراد کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی جبکہ شدید زخمیوں کو بابوکا سے سپائن بورڈ پر پتھریلے راستوں پر اٹھا کر اسپتال منتقل کیا گیا۔